ریاض(ویب ڈیسک): سعودی عرب کی اہم بین الاقوامی بیوٹی نمائش ’بیوٹی ورلڈ ریاض‘ کو 2027 تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان منتظم ادارے میسے فرینکفرٹ سعودی عرب کی جانب سے کیا گیا ہے۔
یہ نمائش رواں سال 18 سے 20 مئی کے دوران منعقد ہونا تھی، تاہم نئے فیصلے کے تحت اب اسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق، منتظمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نمائش کے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنا، اعلیٰ معیار کی شرکت کو یقینی بنانا اور تجارتی قدر کو مزید مستحکم بنانا ہے، جبکہ شرکاء، اسپانسرز اور عملے کی حفاظت اور اعتماد کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔
یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑے ثقافتی اور صنعتی ایونٹس کی شیڈولنگ میں ہونے والی وسیع تبدیلیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
قطر میں منعقد ہونے والا ’ڈیزائن دوحہ بینالے‘ بھی دوبارہ شیڈول کر دیا گیا ہے، اور اب یہ 5 سے 7 نومبر تک ہوگا، جبکہ اس کی نمائشیں سال کے آخر تک جاری رہیں گی۔ یہ ایونٹ پہلے 16 اپریل سے 30 جون تک منعقد ہونا تھا اور قطر میوزیمز و ڈیزائن دوحہ کے اشتراک سے ہوتا ہے۔
اسی طرح سعودی عرب کا ’سعودی فلم فیسٹیول‘ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے، اور اب اس کا 12واں ایڈیشن 25 جون سے یکم جولائی تک منعقد ہوگا، جو پہلے اپریل میں شیڈول تھا۔ یہ فیسٹیول دھہران میں کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے۔
ادھر ’مڈل ایسٹ فلم اینڈ کامک کون‘ اب ابوظہبی کے اے ڈی این ای سی سینٹر میں 11 سے 13 ستمبر تک منعقد ہوگا، جو پہلے اپریل میں طے تھا۔ منتظمین کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد زیادہ جامع اور بہتر پروگرام کی تیاری ہے جس میں معروف شخصیات، تخلیق کار اور مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
بیوٹی ورلڈ ریاض کے منتظمین نے یقین ظاہر کیا ہے کہ نئی تاریخوں کے ساتھ ایونٹ مزید بہتر انداز میں منعقد ہوگا۔ میسے فرینکفرٹ مڈل ایسٹ کی کنزیومر گڈز پورٹ فولیو ڈائریکٹر ٹیریسا ہیٹر کے مطابق یہ فیصلہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور موجودہ صورتحال کے تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔
چیف کمرشل آفیسر فلن رابرٹس نے اسے ایک سوچا سمجھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایونٹ کی طویل المدتی قدر اور پوزیشن محفوظ رہے گی، جبکہ تمام شراکت داروں کے مفادات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔





