لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز کل (جمعرات) سے ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ حیدرآباد کنگز مین سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
پی سی بی کے نظر ثانی شدہ شیڈول کے مطابق، افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے اور پہلا میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے تمام 44 میچز اب کراچی اور لاہور کے درمیان برابر تقسیم کیے گئے ہیں۔ دونوں شہر 22، 22 میچوں کی میزبانی کریں گے۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علاقائی صورتحال اور قومی مفادات کے پیش نظر شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، اور موجودہ قربانیاں مستقبل میں آسانی کا سبب بنیں گی۔
یادرہے لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک 3، 3 بار ٹائٹل جیت کر سب سے کامیاب ٹیمیں ہیں، جبکہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک ایک بار ٹرافی اپنے نام کی ہے۔





