لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

Pakistan Day Celebrated with Flag Hoisting at Consulate General in New York

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک : نیویارک میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل میں 23 مارچ، یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطنِ عزیز کے قیام کی یاد میں قومی پرچم لہرانے کی رسم ادا کی گئی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قونصل جنرل آف پاکستان عامر احمد اتوزئی نے قونصلیٹ کے افسران اور عملے کی موجودگی میں قومی ترانے کی گونج میں سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں 23 مارچ کی تاریخی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بانیانِ پاکستان کے وژن اور قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پیغامات میں موجودہ چیلنجز کے باوجود قومی اتحاد، استقامت اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اپنے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے قراردادِ لاہور کی اہمیت اور قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفر عزم اور ہمت کی داستان ہے، اور ایک مستحکم و خوشحال مستقبل کے لیے معاشی مضبوطی اور قومی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک-امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں سمندر پار پاکستانیوں کا کردار کلیدی ہے۔

تقریب کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کو حاصل کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔