نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی میں آؤٹ ڈور فوڈ فیسٹیولز کے سیزن کا آغاز ہونے والا ہے، اور اسی سلسلے میں شہر کا مقبول جاپانی فوڈ فیسٹیول JAPAN Fes اپنی دسویں سالگرہ کے موقع پر اس ماہ کے آخر میں دوبارہ منعقد کیا جا رہا ہے۔
نیویارک کے فوڈ کلچر میں نمایاں مقام رکھنے والے اس فیسٹیول میں روایتی اور جدید جاپانی کھانوں کی وسیع رینج پیش کی جائے گی۔ شرکا یہاں ترییاکی چکن اسکیورز، اونی گیری (چاول کے بالز)، ببل ٹی اور ماچا شیوڈ آئس جیسے مشہور جاپانی پکوانوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
منتظمین کے مطابق اس سال نیویارک کے مختلف علاقوں میں اب تک 34 ایونٹس شیڈول کیے جا چکے ہیں اور مزید مقامات بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ تمام تقریبات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گی۔
فیسٹیول کا افتتاح 28 مارچ کو ایسٹ ولیج کے علاقے ایسٹور پلیس سے ہوگا، جبکہ اگلے دن یعنی 29 مارچ کو یہ ایونٹ مڈ ٹاؤن ویسٹ میں 40 ویں اسٹریٹ (ففتھ اور سکستھ ایونیو کے درمیان) میں منعقد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ فیسٹیول 2016 میں نیویارک سے شروع ہوا تھا اور اب ایک عالمی برانڈ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ نیویارک کے علاوہ اس کے ایونٹس فلوریڈا، ٹیکساس اور فرانس میں بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
جاپانی ثقافت اور کھانوں کے شوقین افراد کے لیے یہ فیسٹیول ایک بہترین موقع ثابت ہو سکتا ہے۔





