نیویارک: مین ہٹن میں واقع 30th اسٹریٹ شیلٹرکوبندکرنے کااعلان کردیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق میئرہاؤس کی جانب سے جمعرات کے روز اعلان کیا گیاہے30th اسٹریٹ شیلٹرجو Bellevue shelterکےنام سے مشہور ہے93 سال پرانی یہ عمارت اپنی خستہ حالی کے باعث بندکردیا جائے گا۔
اگرچہ عمارت کو کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں ہے، تاہم میئر آفس کا کہنا ہے کہ عمارت کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے اور اسے خالی کرنے کا فیصلہ ایک پیشگی حفاظتی اقدام (Proactive Measure) کے طور پر کیا گیا ہے۔
اس حوالےسےمیئر زوہران ممدانی نے کہا کہ ان کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ہر بے گھر نیویارک باسی کو محفوظ، باوقار اور انسانی ہمدردی پر مبنی رہائش فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نظام قابل قبول نہیں جو افراد کی عزتِ نفس اور استحکام کو نظر انداز کرے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال ہی اس شیلٹر میں نئے افراد کو منتقل کرنا بند کر دیا گیا تھا۔ محکمہ سماجی خدمات (DSS) اور ہوم لیس سروسز (DHS) کے مطابق اس وقت تقریباً 250 افراد اس شیلٹر میں مقیم ہیں، جنہیں مارچ کے وسط تک شہر کے دیگر شیلٹرز میں منتقل کر دیا جائے گا۔
میئر آفس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہر کے دیگر شیلٹرز میں ان افراد کو ایڈجسٹ کرنے کی مکمل گنجائش موجود ہے۔
حکام کے مطابق شیلٹر کے طور پر بند ہونے کے باوجود اس عمارت کو کم از کم ایک سال تک “ریسیونگ فیسلٹی” یعنی وصولی مرکز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
میئر ممدانی نے مزید کہا کہ شہر بھر میں جدید اور بہتر معیار کے نئے شیلٹرز قائم کرنے کا منصوبہ جاری ہے، جس کی ایک مثال فروری میں لوئر ایسٹ سائیڈ پر نئے شیلٹر کا افتتاح ہے۔





