جنیوا / بیروت – اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین اور یونیسیف (UNICEF) نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک طرف ایران میں قیدیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں، تو دوسری طرف لبنان میں اسرائیلی حملوں نے انسانی المیہ جنم دے دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے آزاد فیکٹ فائنڈنگ مشن (FFM) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایرانی جیلوں میں بند قیدیوں کو تشدد، بدسلوکی اور جبری گمشدگیوں کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کئی قیدیوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سزائے موت دیئے جانے کا بھی خدشہ ہے۔ مشن نے گزشتہ جون میں ایون جیل (Evin Prison) پر ہونے والے اسرائیلی حملے جیسے واقعات کے دوبارہ اعادہ پر بھی خبردار کیا ہے۔
یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق، لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں 7 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔ جنوبی لبنان میں انخلاء کے احکامات سے تقریباً ڈھائی لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ صرف ایک دن میں 60 ہزار افراد (جن میں 18 ہزار بچے شامل ہیں) بے گھر ہو چکے ہیں۔
لبنان میں یونیسیف کے نمائندے مارکولوئیگی کورسی کا کہنا ہے کہ “کسی بھی بچے کو تشدد کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔” یونیسیف نے امدادی کاموں کے لیے 48 ملین ڈالرز کی اپیل کی ہے، جس کا اب تک صرف 16 فیصد حصہ موصول ہوا ہے۔
