لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کپتان اور چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کھلاڑی سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے منتخب کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جلد ہی ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا، جس کے بعد وہ مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
آسٹریلوی کوچ جیسن گلیسپی کے استعفیٰ کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے مستقل کوچ کی تلاش جاری تھی، اور حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اظہر محمود نے یہ ذمہ داری عارضی طور پر نبھائی تھی۔ اب بورڈ نے سرفراز احمد کے تجربے پر بھروسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو اس سے قبل انڈر 19 ٹیم کے مینٹور کے طور پر ایشیا کپ جتوا کر اپنی کوچنگ کی صلاحیتیں ثابت کر چکے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 8 مئی جبکہ دوسرا 16 مئی کو کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کے تناظر میں سرفراز احمد کے لیے پہلا بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔
