نیویارک(ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کونسل میں ایک نئی قرارداد پیش کی گئی ہے جس کے تحت سرکاری اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ کو ‘یومِ ویٹرنز’ (Veterans Day) کے موقع پر اس صورت میں بھی چھٹی مل سکے گی جب یہ تہوار ہفتہ یا اتوار کو آئے گا۔
سٹی کونسل کی رکن وکی پالادینو کی جانب سے پیش کردہ قرارداد (Res. No. 131) میں محکمہ تعلیم (DOE) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یومِ ویٹرنز کو سرکاری طور پر اسکول کیلنڈر میں شامل کرے۔ اگر 11 نومبر ہفتے کے دن ہو، تو جمعہ کو چھٹی دی جائے، اور اگر یہ اتوار کو پڑے، تو پیر کے دن اسکول بند رکھے جائیں۔
اس قرارداد کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ 2023 میں یومِ ویٹرنز ہفتے کے دن آیا تھا، جس کی وجہ سے نیویارک سٹی کے پبلک اسکولوں میں کوئی متبادل چھٹی نہیں دی گئی۔
قرارداد کے مطابق، بہت سے والدین اور اساتذہ نے اس بات پر غصے اور مایوسی کا اظہار کیا کہ وفاقی تعطیل ہونے کے باوجود اسکولوں میں سابق فوجیوں کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے چھٹی نہیں دی گئی۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ کو اپنے ملک کے لیے خدمات انجام دینے والے ویٹرنز کی اہمیت سے روشناس کروانا اور انہیں قومی ہیروز کے احترام کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اس بل پر 4 مارچ کو سٹی کونسل کی کمیٹی میٹنگ میں بحث کی جائے گی۔ فی الحال محکمہ تعلیم (DOE) نے اس ممکنہ تبدیلی پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا ہے۔
