نیو جرسی(ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں محض چار ماہ باقی رہ گئے ہیں، ایسے میں نیو یارک اور نیو جرسی کی میزبان کمیٹی نے جرسی سٹی کے ‘لبرٹی اسٹیٹ پارک’ میں ہونے والا بڑا ‘فین فیسٹیول’ منسوخ کرنے کا اچانک فیصلہ کیا ہے۔
اس فین فیسٹ کا اعلان فروری 2025 میں میزبان کمیٹی کی چیئرپرسن ٹیمی مرفی نے کیا تھا، جس کا مقصد ٹورنامنٹ کے تمام 104 میچز کی لائیو اسٹریمنگ فراہم کرنا تھا۔
کمیٹی نے اس بڑے ایونٹ کو منسوخ کر کے اب اپنا رخ 5 ملین ڈالر کے ایک وسیع ‘کمیونٹی انیشیٹو’ کی طرف موڑ دیا ہے تاکہ مقامی شائقین کو ان کے اپنے علاقوں میں جشن کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
نیو جرسی کی گورنر مائیکی شیریل (Mikie Sherrill) نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کی خوشیاں نیو جرسی کے ہر شہری تک پہنچیں۔ ہم گلی محلوں کے میلوں اور مقامی بزنسز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ یہ میلہ سب کا ہو۔”
ورلڈ کپ کے دوران اب جرسی سٹی کے ایک مقام کے بجائے پوری ریاست میں مختلف ‘فین زونز’، چھوٹے میلے اور واچ پارٹیز منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ نیو یارک میں درج ذیل ایونٹس بدستور جاری رہیں گے:
بل جن کنگ نیشنل ٹینس سینٹر (کوئینز): 17 سے 28 جون تک فین فیسٹ۔
راک فیلر سینٹر (مین ہٹن): 4 سے 19 جولائی تک ‘فین ولیج’۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
