نیویارک: تارکین وطن اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم “ڈروم” (DRUM) نے فخر کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ان کے پولیٹیکل ڈائریکٹر جگ پریت سنگھ اب نیویارک سٹی میئر زہران ممدانی کی انتظامیہ کا حصہ بن گئے ہیں۔ انہیں “آفس آف ماس انگیجمنٹ” میں فرسٹ ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
جگ پریت سنگھ نے گزشتہ 5 سالوں کے دوران “ڈروم” اور “ڈروم بیٹس” کے پولیٹیکل ڈائریکٹر کے طور پر پالیسی سازی، انتخابی مہمات اور منتخب نمائندوں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں تنظیم نے متعدد انتخابی مہمات میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔
زوہران ممدانی کی میئر کے لیے انتخابی مہم کے دوران جگ پریت سنگھ کی حکمت عملی کے باعث ان کے کام کرنے والے علاقوں میں ووٹرز کے تناسب میں 350 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔ ان کی محنت نے ممبران، لیڈروں اور آرگنائزرز کے کام کو نئی جلا بخشی۔
اگرچہ تنظیم کے لیے جگ پریت سنگھ کی رخصتی ایک جذباتی لمحہ ہے، لیکن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ “آفس آف ماس انگیجمنٹ” میں ان کی موجودگی سے حکومت اور نیویارک کے شہریوں، بالخصوص محنت کش طبقے کے درمیان تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ عوامی مفادات اور نچلی سطح کی تنظیم سازی کے اپنے تجربے کو حکومتی سطح پر جمہوریت کی مضبوطی کے لیے استعمال کریں گے۔
جگ پریت سنگھ کی نئی ذمہ داریوں کے بعد خالی ہونے والے پولیٹیکل ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے تنظیم نے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔ اہل امیدواروں کو اس اہم خلا کو پر کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
