فیڈ چیئرمین کی نامزدگی پر ٹرمپ پُرامید، ڈیموکریٹس کی حمایت کا امکان

ہفتے کے روز صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ کیون وارش سینیٹر ٹلس کی حمایت کے بغیر بھی توثیق حاصل کر سکتے ہیں

Editor News

واشنگٹن(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیڈرل ریزرو کے سربراہ کے طور پر ان کے نامزد امیدوار کیون وارش کو سینیٹ میں بعض ڈیموکریٹ ارکان کی حمایت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے وارش کو “اعلیٰ معیار کا انسان” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں توثیق حاصل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

ہفتے کے روز ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا،
“میرا خیال ہے کہ انہیں ڈیموکریٹس کے ووٹ مل سکتے ہیں۔ وہ اتنے اچھے ہیں کہ شاید انہیں ڈیموکریٹس کے ووٹ مل ہی جائیں۔ انہیں ضرور ملنے چاہئیں۔ وہ ایک اعلیٰ معیار کے انسان ہیں اور انہیں منظوری حاصل کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔”

صدر ٹرمپ نے جمعے کے روز کیون وارش، جو فیڈ کے سابق عہدیدار رہ چکے ہیں، کو فیڈرل ریزرو کا نیا چیئرمین نامزد کیا۔ وہ موجودہ چیئرمین جیروم پاول کی جگہ لیں گے، جن کی مدت مئی میں ختم ہو رہی ہے۔ تاہم جیروم پاول سات رکنی فیڈ گورنرز بورڈ کے رکن کے طور پر 2028 تک خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

کیون وارش کو سینیٹ میں ممکنہ طور پر سخت توثیقی عمل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ریپبلکن سینیٹر تھام ٹلس نے جمعے کے روز کہا کہ وہ وارش کی توثیق اس وقت تک روکیں گے جب تک جیروم پاول کے خلاف محکمہ انصاف کی تحقیقات “مکمل اور شفاف طور پر” حل نہیں ہو جاتیں۔

صدر ٹرمپ نے جمعے ہی کے روز سینیٹر ٹلس کو، جو بعض معاملات میں صدر کی مخالفت کر چکے ہیں، “رکاوٹ ڈالنے والا” قرار دیا اور کہا کہ ان کی انتظامیہ وارش کی توثیق کے لیے سینیٹر ٹلس کے سینیٹ چھوڑنے تک انتظار کرنے کو بھی تیار ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹر تھام ٹلس سینیٹ بینکنگ کمیٹی کے رکن ہیں، جو فیڈ کی تقرریوں کی نگرانی کرتی ہے۔ کمیٹی میں ریپبلکنز کو 13 کے مقابلے میں 11 کی معمولی اکثریت حاصل ہے، جس کے باعث ایک ووٹ کی کمی بھی نامزدگی کے عمل کو مکمل سینیٹ تک پہنچنے سے روک سکتی ہے۔ مکمل سینیٹ میں بھی ریپبلکنز کو صرف تین ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

ہفتے کے روز صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ کیون وارش سینیٹر ٹلس کی حمایت کے بغیر بھی توثیق حاصل کر سکتے ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سے ڈیموکریٹ سینیٹر ان کی حمایت کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ انصاف نے رواں ماہ جیروم پاول کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا ہے، جو واشنگٹن میں فیڈ کے ہیڈکوارٹرز کی عمارت کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں اخراجات بڑھنے سے متعلق ہیں۔ جیروم پاول نے کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے ہوئے ان تحقیقات کو مانیٹری پالیسی پر دباؤ ڈالنے کا “بہانہ” قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ مسلسل فیڈ پر زور دیتے رہے ہیں کہ معیشت کو متحرک کرنے کے لیے شرح سود میں نمایاں کمی کی جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے جیروم پاول کو تاخیر پر “ٹو لیٹ” (بہت دیر) کا لقب بھی دیا۔

شرح سود کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا،
“وہ شرح سود کم کریں گے۔ اگر آپ انہیں ٹی وی پر دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہو جاتا ہے۔ میں انٹرویوز اور بیانات دیکھتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ وہ شرح سود کم کریں گے، لیکن انہیں وہی کرنا ہوگا جو وہ خود مناسب سمجھیں۔”

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کیون وارش نے شرح سود کم کرنے کا کوئی وعدہ کیا ہے تو صدر ٹرمپ نے کہا،“نہیں، کیونکہ میں ایسا نہیں چاہتا تھا۔ میں چاہتا تو ایسا کر سکتا تھا، لیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔”

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *