ریئلٹی شو یا ریئل ٹراما؟ ANTM کی اندرونی دنیا سامنے آ گئی

اس دستاویزی سیریز کی ہدایت کاری مور لوشی اور ڈینیئل سیون نے کی ہے، جو اس سے قبل 'امریکن مین ہنٹ: اسامہ بن لادن' جیسے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔

Editor News

لاس اینجلس: نیٹ فلکس نے 2000 کی دہائی کے سب سے مقبول اور متنازع رئیلٹی شو ’امریکاز نیکسٹ ٹاپ ماڈل‘ (ANTM) کی اندرونی حقیقتوں پر مبنی ایک تین حصوں پر مشتمل دستاویزی سیریز کا اعلان کر دیا ہے۔

‘Reality Check: Inside America’s Next Top Model’ کے نام سے یہ سیریز 16 فروری کو ریلیز کی جائے گی۔ اس دستاویزی فلم میں شو کی تخلیق کار اور میزبان ٹائرہ بینکس پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے نظر آئیں گی۔

ٹریلر میں ٹائرہ کو یہ تسلیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شو کے دوران کئی بار حد سے آگے بڑھ گئی تھیں۔ انہوں نے کہا:”میں نے اب تک اس بارے میں زیادہ بات نہیں کی، لیکن اب وقت آگیا ہے… مجھے معلوم ہے کہ میں حد سے گزر گئی تھی، وہ بہت شدید لمحات تھے، لیکن آپ لوگ (ناظرین) بھی اسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔“

اس سیریز میں شو کے سابقہ ججز جے الیگزینڈر، نائجل بارکر اور جے مینوئل بھی نظر آئیں گے۔ نائجل بارکر نے ٹریلر میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”وہ غلط تھا، اور نہ جانے کیوں اس وقت کسی کو یہ نظر نہیں آیا۔“ جبکہ جے مینوئل نے انکشاف کیا کہ ٹائرہ اپنے شو کی کامیابی کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی تھیں۔

یہ رئیلٹی شو اپنی سخت تنقید، ماڈلز کے بالوں کی زبردستی کٹوائی اور دانتوں کی سرجری جیسے تکلیف دہ حربوں کی وجہ سے بدنام رہا ہے۔ دستاویزی فلم میں ان تمام عناصر کا جائزہ لیا جائے گا جنہیں آج کے دور میں اخلاقی طور پر غلط سمجھا جاتا ہے۔

شو کے پہلے سیزن کی فاتح، ایڈرین کری نے اس ڈاکیومنٹری کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اس پراجیکٹ کو “مضحکہ خیز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ 20 سال پرانے واقعات کو آج کے جدید نظریات کی عینک سے دیکھنا درست نہیں ہے۔

اس دستاویزی سیریز کی ہدایت کاری مور لوشی اور ڈینیئل سیون نے کی ہے، جو اس سے قبل ‘امریکن مین ہنٹ: اسامہ بن لادن’ جیسے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *