سربیا (ویب ڈیسک): سربیا کے لیجنڈری ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے چوتھے راؤنڈ (راؤنڈ آف 16) میں پہنچنے کے ساتھ ہی ایک عظیم ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 400 گرینڈ سلیم میچز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
38 سالہ جوکووچ نے نیدرلینڈز کے کھلاڑی بوٹِک وین ڈی زینڈشلپ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔
میلبرن پارک میں یہ ان کی 102 ویں جیت تھی، جس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلین اوپن میں سب سے زیادہ میچز جیتنے کے ریکارڈ میں روجر فیڈرر کے برابر آ گئے ہیں۔
جوکووچ اب اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ روجر فیڈرر (369 فتوحات) دوسرے اور سیرینا ولیمز (365 فتوحات) تیسرے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلین اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں جوکووچ کا مقابلہ چیک جمہوریہ کے جیکب مینسک یا امریکہ کے ایتھن کوئن میں سے کسی ایک سے ہوگا (جن کا میچ شدید گرمی کے باعث فی الحال تاخیر کا شکار ہے)۔
