اسلام آباد (ویب ڈیسک):وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چارج ڈی افیئرز سے ملاقات کی اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے بیگم خالدہ ضیا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک “دور اندیش رہنما” اور ممتاز سیاسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیا کو پاکستان کا ایک مخلص دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک دیرپا اور متاثر کن ورثہ چھوڑا ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے بیگم ضیا کے اہل خانہ، ان کے مداحوں اور بنگلہ دیشی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ:”اللہ تعالیٰ بیگم خالدہ ضیا کی روح کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور انہیں جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے۔”
اس دورے میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
