نیویارک: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سلامتی کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے، جبکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کا مقصد عالمی امن اور استحکام کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ایک حساس خطے میں واقع ہے اور امریکہ کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور امریکہ نے مشترکہ طور پر کسی مشن پر کام کیا، اس کے نتائج ہمیشہ مثبت سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی، جس کا سہرا موجودہ قیادت کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ دنیا کے پانچ بڑے آبادی والے ممالک میں شامل ہیں، اور دنیا کی دو بڑی آبادیوں کے حامل ممالک کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف مارچ 2025 کی جنگ میں کامیابی کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ایسا مقام حاصل ہوا جو اسے پہلے کبھی حاصل نہیں ہوا تھا، اور اس فتح سے پاکستان کے عالمی وقار میں نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ خود سفارتی امور میں بطور مشیر خدمات انجام دے رہے ہیں اور موجودہ دور میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق امریکہ میں پاکستان کی سفارتکاری کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور اس عمل میں میڈیا کو بھی ایک اہم شراکت دار کی حیثیت حاصل ہے۔
