پیرس: فٹ بال کی عالمی تنظیم ‘فیفا’ نے 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
بدھ کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 50 ملین ڈالر (تقریباً 5 کروڑ ڈالر) بطور انعام دیے جائیں گے۔
فیفا کے مطابق اس بار مجموعی انعامی فنڈ 655 ملین ڈالر رکھا گیا ہے، جو کہ 2022 کے قطر ورلڈ کپ (440 ملین ڈالر) کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جس میں پہلی بار 32 کے بجائے 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
فاتح ٹیم: 50 ملین ڈالر
رنر اپ (فائنل ہارنے والی ٹیم): 33 ملین ڈالر۔
تیسری پوزیشن: 29 ملین ڈالر۔
چوتھی پوزیشن (سیمی فائنلسٹ): 27 ملین ڈالر۔
گروپ مرحلے میں باہر ہونے والی ٹیمیں: 9 ملین ڈالر فی ٹیم۔
اس کے علاوہ تمام 48 ٹیموں کو تیاری کے اخراجات کے لیے 1.5 ملین ڈالر اضافی دیے جائیں گے۔
مداحوں کی جانب سے ٹکٹوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں پر شدید تنقید کے بعد، فیفا نے 60 ڈالر کی قیمت والے “رعایتی ٹکٹ” متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹکٹ فائنل سمیت تمام 104 میچوں کے لیے محدود تعداد میں دستیاب ہوں گے۔ فیفا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دور دراز سے آنے والے فٹ بال شائقین کی مدد کرنا ہے۔
فٹ بال سپورٹرز یورپ (FSE) نے فیفا کے اس اقدام کو “نا کافی” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ یہ محض عوامی غصے کو ٹھنڈا کرنے کی ایک چال ہے۔ ان کے مطابق:”یہ رعایت صرف چند سو شائقین کو مل سکے گی، جبکہ اکثریت کو اب بھی پہلے سے کہیں زیادہ مہنگے ٹکٹ خریدنے پر مجبور کیا جائے گا، جو کہ عام مداحوں کے ساتھ زیادتی ہے۔”
