نیویارک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، نیویارک کے اشتراک سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) روڈ شو کا کامیاب انعقاد نیویارک کے معروف ہوٹل دی پلازہ ہوٹل میں کیا۔ یہ ایونٹ لیگ کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت اور بین الاقوامی روابط کے فروغ کا حصہ تھا، جس کے ذریعے امریکہ میں پاکستان کی پریمیئر ٹی ٹوئنٹی لیگ کا جوش و خروش پیش کیا گیا۔
روڈ شو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود، سعود شکیل، صائم ایوب، فہیم اشرف، ابرار احمد اور سلمان علی آغا شریک ہوئے، جبکہ پاکستان کرکٹ کے لیجنڈز رمیز راجہ اور وسیم اکرم نے بھی تقریب کی رونق بڑھائی۔ اس موقع پر ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی بھی نمائش کے لیے رکھی گئی جس نے کرکٹ شائقین، پاکستانی کمیونٹی، کھیلوں سے وابستہ افراد اور بزنس و میڈیا نمائندگان کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

نیویارک کے ایک باوقار مقام پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں شائقین کو کھلاڑیوں سے ملاقات، پی ایس ایل انتظامیہ سے تبادلۂ خیال اور پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوانے کا موقع ملا۔ ایونٹ میں پی ایس ایل کو ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ لیگ کے طور پر اجاگر کیا گیا جو مسابقتی کرکٹ، ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ اور مضبوط فین انگیجمنٹ کے لیے مشہور ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیویارک سٹی میں ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی ٹور کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی۔ ٹرافی ٹور میں قومی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی اور یہ دورہ نیویارک کے اہم اور تاریخی مقامات سے ہوتا ہوا ٹائمز اسکوائر پر اختتام پذیر ہوا، جہاں شائقین کے ساتھ خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، نیویارک نے روڈ شو اور ٹرافی ٹور کی میزبانی اور سہولت کاری کی، جو امریکہ میں پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور ثقافتی و اسپورٹس سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ تھا۔ ان تقریبات کے ذریعے ممکنہ سرمایہ کاروں اور شراکت داروں سے روابط قائم کرنے کا بھی موقع ملا، جو پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی عالمی رسائی اور تجارتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
نیویارک میں ایچ بی ایل پی ایس ایل روڈ شو اور ٹرافی ٹور کا کامیاب اختتام اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ مختلف قوموں اور کمیونٹیز کو جوڑنے، سرحدوں سے بالاتر ہو کر روابط قائم کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے کرکٹ جذبے کو اجاگر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے

