خراب موسم اور شدید ہواؤں کے باعث مجسمۂ آزادی گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث مجسمہ پہلے ہلتا رہا اور پھر اچانک زمین پر گر گی

Editor News

برازیل : برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل میں خراب موسم اور شدید ہواؤں کے باعث مجسمۂ آزادی گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ یہ واقعہ شہر گوائیبا میں پیش آیا، جو صوبائی دارالحکومت پورٹو الیگری کے قریب واقع ہے۔

مقامی حکام کے مطابق اس وقت ہوائیں غیر معمولی شدت اختیار کر چکی تھیں، جس کے پیش نظر ہنگامی انتباہات بھی جاری کیے گئے تھے۔ یہ مجسمہ برازیل کی معروف ریٹیل کمپنی ہوان (Havan) کے ایک بڑے اسٹور کی پارکنگ میں نصب تھا اور علاقے کی ایک نمایاں پہچان سمجھا جاتا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث مجسمہ پہلے ہلتا رہا اور پھر اچانک زمین پر گر گیا، جبکہ قریب موجود گاڑیوں کے ڈرائیور فوری طور پر اپنی گاڑیاں محفوظ مقام پر لے جانے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کیونکہ خراب موسم کے باعث پارکنگ ایریا تقریباً خالی تھا۔

اس سے قبل سول ڈیفنس حکام نے علاقے کے لیے ریڈ لیول موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے، دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے اور برقی آلات احتیاطاً بند کرنے کی ہدایت دی تھی۔ حکام کے مطابق اس دوران ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔

ہوان انتظامیہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ مجسمہ 2020 میں اسٹور کے افتتاح کے موقع پر نصب کیا گیا تھا اور اس کی تنصیب تمام ضروری تکنیکی اور حفاظتی معیارات کے مطابق کی گئی تھی۔ کمپنی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صارفین، ملازمین اور مقامی آبادی کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

واقعے کے فوری بعد ملبہ ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کر دیا گیا، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *