ایک امریکی اسٹارٹ اپ کمپنی ایک نیا سوشل نیٹ ورک متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جو ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے سے پہلے کے پلیٹ فارم کی اصل فعالیت اور برانڈنگ کو دوبارہ زندہ کرے گا۔
ورجینیا کی مقامی کمپنی آپریشن بلیو برڈ نے یو ایس پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس (USPTO) میں درخواست دائر کی ہے کہ اسے ٹوئٹر کے ترک شدہ ٹریڈ مارک استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
ٹوئٹر کو جولائی 2023 میں X میں ری برانڈ کیا گیا تھا، جبکہ اس سے تقریباً نو ماہ قبل ایلون مسک نے یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔
کمپنی اب بھی Twitter.com ویب سائٹ کی مالک ہے، جو ری ڈائریکٹ ہو کر X.com پر جاتی ہے، تاہم پرانے لوگو اور دیگر نشانات کو ہٹا دیا گیا ہے۔
X نے پرانے لوگو میں موجود چڑیا کی علامت سے متعلق اصطلاحات کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔ مثال کے طور پر، ٹوئٹر کے فیکٹ چیکنگ پروگرام Bird Watch کا نام بدل کر Community Notes رکھ دیا گیا ہے۔
