سری لنکا کے لیے پاکستانی امداد کا سلسلہ جاری

این ڈی ایم اے کمرشل ایئر لائنز کے ساتھ ہم آہنگی کر رہا ہے تاکہ دستیاب آؤٹ باؤنڈ پروازوں کی جگہ کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جا سکے۔

Editor News

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے طوفان ‘دتوا’ (Dattwa) کے نتیجے میں ہونے والی وسیع تباہی سے نمٹنے کے لیے سری لنکا کو اضافی انسانی امداد روانہ کر دی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، یہ امداد طوفان سے متاثرہ سری لنکا کے عوام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا حصہ ہے۔

سری لنکا کی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی امداد کی اپیل کے جواب میں، این ڈی ایم اے نے جمعرات کو سری لنکن ایئر لائنز کی کمرشل فلائٹ کے ذریعے لاہور سے کولمبو کے لیے مزید 20 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے۔

اضافی امدادی کھیپ میں متاثرہ کمیونٹیز کی اشد ضرورت کے مطابق ترپال کی چادریں (Tarpaulin Sheets) اور خشک دودھ (Dry Milk) شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کمرشل ایئر لائنز کے ساتھ ہم آہنگی کر رہا ہے تاکہ دستیاب آؤٹ باؤنڈ پروازوں کی جگہ کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جا سکے۔

یہ تازہ کھیپ اس وقت روانہ کی گئی ہے جب پاک فوج کی 47 رکنی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم 6.5 ٹن سامان کے ساتھ پہلے ہی سری لنکا میں تعینات ہے۔ یہ خصوصی ٹیم مقامی حکام کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں شروع کر چکی ہے

وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر متاثرہ آبادی کی ضروریات کے پیش نظر 200 ٹن امدادی اشیاء پر مشتمل ایک بڑی کھیپ سمندر کے راستے بھیجی گئی ہے۔

پاک بحریہ کے جہاز اور ہوابازی کے اثاثے بھی سری لنکا میں ریسکیو، ٹرانسپورٹ اور ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان، طوفان کے بعد شدید چیلنجز کا سامنا کرنے والے سری لنکا کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بحران کے وقت اپنے دوست ممالک کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اندرون و بیرون ملک آفات کے انسانی اثرات کو کم کرنے میں مدد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *