لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

فٹ بال کامیدان یاسیاسی جنگ؟ارجنٹیناکی نائب صدر نےانگلینڈکو’غاصب قزاق’قراردےدیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن / بیونس آئرس (ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے سے قبل ارجنٹینا کی سیاست میں ابال آ گیا ہے۔ ارجنٹینا کی نائب صدر وکٹوریہ ویارویل نے برطانوی استعمار پر سخت وار کرتے ہوئے انگلینڈ کو “غاصب قزاق” قرار دے دیا ہے اور اس مقابلے کو محض ایک فٹ بال میچ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک تند و تیز پیغام میں نائب صدر وکٹوریہ ویارویل نے لکھا: “ہم غاصب قزاقوں کے خلاف کھیل رہے ہیں، یہ صرف ایک فٹ بال میچ نہیں ہے۔ اس مقابلے کا تعلق ہمارے مالویناس (فاک لینڈ) جزائر کی خودمختاری، ڈیاگو میراڈونا کی میراث، لیونل میسی کے آخری ورلڈ کپ اور قابض قوتوں کو منہ توڑ جواب دینے سے ہے۔ ارجنٹینا زندہ باد، ہم اپنی آخری سانس تک اپنے حق کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔”

نائب صدر کا یہ بیان دونوں ممالک کے مابین فاک لینڈ جزائر (جسے ارجنٹینا مالویناس کہتا ہے) پر قائم دیرینہ تنازع کی عکاسی کرتا ہے۔ سال 1982 میں دونوں ممالک کے درمیان اس جزیرے پر ایک خونریز جنگ ہو چکی ہے جس میں ارجنٹینا کو شکست ہوئی تھی اور 649 ارجنٹائنی جبکہ 255 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ نائب صدر وکٹوریہ ویارویل کے والد خود بھی اس جنگ میں ارجنٹائن کی فوج کا حصہ رہے تھے، جس کی وجہ سے ان کا یہ موقف انتہائی جذباتی ہے۔

دوسری جانب، ارجنٹینا کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے اس موقع پر بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو سیاست سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ صرف ایک فٹ بال میچ ہے اور کھیل کو سیاست یا ماضی کی تلخ تاریخ سے جوڑنا کسی صورت مناسب نہیں ہے۔

علاوہ ازیں، ارجنٹینا کی سیکیورٹی وزیر الیخاندرا مونٹی اولیوا نے واضح کیا ہے کہ اٹلانٹا (امریکہ) میں ہونے والے اس ہائی وولٹیج سیمی فائنل کے دوران کسی بھی بدمزگی اور ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم کے اندر فاک لینڈ یا مالویناس جزائر سے متعلق کوئی بھی جھنڈا، بینر یا علامتی اشیا لانے کی سخت ممانعت ہوگی۔