نیویارک | عاطف خان
نیویارک سٹی میں پہلی بار ایک منفرد چھٹیوں کا تفریحی مرکز متعارف کرایا جا رہا ہے، جو اس تہوار کے موسم میں خاندانوں کو ایک خوشگوار اور یادگار سواری فراہم کرے گا۔
ڈبل ڈیکر کرسمس کیروسل جمعہ سے گریلی اسکوائر (33ویں اسٹریٹ اور براڈوے) میں چمکتا جھمکتا دکھائی دے گا، جہاں یہ کرسمس کی دھنوں پر گھومتے ہوئے شرکاء کو تہوار کی خوشیوں میں ڈبو دے گا۔ اس دوران خاندان آس پاس کی دلکش تعطیلاتی سجاوٹ سے لطف اندوز بھی ہو سکیں گے۔
یہ نیا کیروسل ہیرلڈ اسکوائر کی تہواروں بھرپور سرگرمیوں میں تازہ اضافہ ہے، جن میں میزیز کی مشہور ونڈو ڈسپلے اور ہالیڈے مارکیٹ بھی شامل ہیں۔
دو منزلہ اس منفرد جھولے کی سواری کی قیمت 7 ڈالر فی شخص رکھی گئی ہے، اور ٹکٹس آن لائن بُک کی جا سکتی ہیں۔
کرسمس کیروسل روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا، اور 6 جنوری تک جاری رہے گا۔
