تہران:تہران میں بھارتی سفارتخانے نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ایران 22 نومبر سے عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت معطل کر رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اب ایرانی سرزمین میں داخل ہونے یا ٹرانزٹ کے لیے بھارتی مسافروں کو ویزا حاصل کرنا ہوگا۔ سفارتخانے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور ایسے ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں جو ایران کے ذریعے بغیر ویزا سفر یا کسی تیسرے ملک تک پہنچانے کی پیشکش کرتے ہیں۔
یہ انتباہ اُس واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جب مئی میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین بھارتی شہری—ہوشنپریت سنگھ، جسپال سنگھ اور امرت پال سنگھ تہران پہنچنے کے بعد لاپتا ہو گئے تھے۔ بعد ازاں ان کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ انہیں اغوا کر کے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جون کے اوائل میں ایرانی پولیس نے تہران کے جنوبی علاقے ویرامین میں ایک کارروائی کے دوران تینوں بھارتی شہریوں کو بازیاب کرایا، اور سفارتخانے نے تصدیق کی کہ وہ محفوظ ہیں اور سفارتی تحویل میں موجود ہیں۔
سفارتخانے کے مطابق متعدد بھارتیوں کو ویزا فری سکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران جانے پر مجبور کیا گیا، جہاں مجرمانہ گروہ خود کو ریکروٹمنٹ ایجنٹ یا ٹریول ایجنٹ ظاہر کر کے انہیں پہنچتے ہی اغوا کر لیتے تھے۔ اس سہولت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری بند کر دی ہے
بھارتی حکام مسلسل شہریوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بیرونِ ملک سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت صرف مستند اور تصدیق شدہ ٹریول ذرائع کا استعمال کریں۔
