معروف محقق،شاعرہ اورماہرِتعلیم ڈاکٹرعارفہ سیّدہ زہرہ انتقال کرگئیں

وہ فارمین کرسچن کالج لاہور میں پروفیسر آف ہسٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہیں

Editor News

ویب ڈیسک | 10نومبر

لاہور: انسانی حقوق کی علمبردار، ممتاز ماہرِ تعلیم اور شاعرہ ڈاکٹر عارفہ سیّدہ زہرہ پیر 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

مرحومہ کی بھانجی امینہ کمال نےمیڈیاسے گفتگو میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ “ڈاکٹر عارفہ کو کل ان کے خاندانی قبرستان، کیولری گراؤنڈ لاہور میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جبکہ نمازِ جنازہ کا وقت بعد میں بتایا جائے گا۔”

ڈاکٹر عارفہ زہرہ نہ صرف ایک معروف ماہرِ تعلیم تھیں بلکہ وہ ادب، تاریخ اور انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی علمی خدمات کے باعث بھی جانی جاتی تھیں۔

مرحومہ ڈاکٹر عارفہ سیّدہ زہرہ کو اردو زبان و ادب پر گہری دسترس حاصل تھی اور وہ پچاس سال سے زائد عرصے تک تدریسی خدمات انجام دیتی رہیں۔ وہ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (NCSW) کی رکن بھی رہ چکی تھیں اور 2006ء میں اس کی چیئرپرسن کے طور پر خدمات انجام دیں۔

لاہور میں پیدا ہوئیں اور وہیں پرورش پائیں۔ انہوں نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (LCWU) سے آنرز کے ساتھ بی اے کیا، بعدازاں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے اردو میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے یونیورسٹی آف ہوائی، مانوا سے ایشین اسٹڈیز میں ایم اے اور تاریخ میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

ڈاکٹر عارفہ زہرہ نے اپنے تعلیمی سفر میں متعدد معروف اداروں میں تدریس کے فرائض انجام دیے، جن میں ایل سی ڈبلیو یو، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS)، نیشنل کالج آف آرٹس (NCA) اور اسکول آف پبلک پالیسی، حکومتِ پاکستان شامل ہیں۔

وہ فارمین کرسچن کالج لاہور میں پروفیسر آف ہسٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہیں، تاہم گزشتہ سال صحت کے مسائل کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔)

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *