غزالہ ہاشمی لیفٹیننٹ گورنر منتخب ہونےوالی پہلی مسلم خاتون بن گئیں

انہوں نے اپنی پہلی مہم میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی مسلم بین پالیسی نے انہیں سیاست میں آنے پر مجبور کیا۔

Editor News

ویب ڈیسک |5نومبر

ڈیموکریٹ غزالہ ہاشمی نے ورجینیا کی لیفٹیننٹ گورنر کی دوڑ جیت لی ہے، اس طرح وہ امریکہ کی تاریخ میں کسی ریاستی سطح پر منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون بن گئی ہیں۔

ہاشمی نے ریپبلکن امیدوار جان ریڈ کو شکست دی لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے وہ ورجینیا کی سینیٹ کی صدارت کریں گی اور ایوان میں برابری کی صورت میں فیصلہ کن ووٹ ڈال سکیں گی۔ ان کی نشست خالی ہونے کے بعد ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں 20-19 کی معمولی برتری حاصل ہوگی۔

ریچمنڈ سے تعلق رکھنے والی سینیٹر ہاشمی نے 2019 میں پہلی بار سینیٹ کی نشست جیتی تھی اور ریپبلکن پارٹی سے ایوان کا کنٹرول واپس لینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔

غزالہ ہاشمی ورجینیا کی پہلی بھارتی نژاد امریکی بھی ہیں جو ریاستی سطح پر منتخب ہوئی ہیں۔ ورجینیا ان 17 ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں گورنر اور لیفٹیننٹ گورنر علیحدہ طور پر منتخب کیے جاتے ہیں۔ موجودہ لیفٹیننٹ گورنر وِنسم ایرل سیئرز سمیت کئی رہنماؤں نے اس عہدے کو گورنر بننے کے لیے سیاسی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا ہے، کیونکہ ریاستی قانون کے مطابق گورنر مسلسل دو ادوار کے لیے منتخب نہیں ہو سکتے۔

ہاشمی نے جون میں ہونے والے ڈیموکریٹک پرائمری میں پانچ امیدواروں کو شکست دی، اور 28 فیصد ووٹوں کے ساتھ نامزدگی حاصل کی۔ اس کے بعد وہ پارٹی کے دیگر امیدواروں گورنری امیدوار ایبیگیل اسپین برگر اور اٹارنی جنرل کے امیدوار جے جونز کے ساتھ مل کر مہم چلاتی رہیں۔ جب جونز کے تشدد آمیز پیغامات منظرعام پر آئے تو انہوں نے ان کی مذمت کی، تاہم ان سے دستبردار ہونے کا مطالبہ نہیں کیا۔

دوسری جانب، ان کے حریف جان ریڈ نے اپنی مہم کو ثقافتی اور تعلیمی مسائل، بالخصوص صنفی شناخت کے موضوعات پر مرکوز رکھا، اور سابق گورنر گلین ینگکن کی “والدین کے حقوق” مہم سے متاثر نظر آئے۔ انہوں نے برطرف ہونے والے وفاقی ملازمین کے لیے امدادی منصوبہ اور ریاست کے “رائٹ ٹو ورک” قانون کے تحفظ کا وعدہ کیا۔ اگرچہ ریڈ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی، لیکن انہیں ٹرمپ کی جانب سے باضابطہ تائید حاصل نہیں ہوئی۔

2019 میں پہلی بار سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والی غزالہ ہاشمی نے ایک ریپبلکن امیدوار کو شکست دے کر ورجینیا کی سینیٹ میں پہلی مسلم اور بھارتی نژاد رکن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے اپنی پہلی مہم میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی مسلم بین پالیسی نے انہیں سیاست میں آنے پر مجبور کیا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *