ویب ڈیسک| 4نومبر
بروکلین میں حال ہی میں ایک منفرد فوڈ پینٹری کا افتتاح کیا گیا ہے جو ضرورت مند خاندانوں کو باعزت انداز میں تازہ، غذائیت سے بھرپور اور ثقافتی طور پر موزوں کھانا فراہم کرتی ہے۔
میٹ کونسل نے 5361 پریسٹن کورٹ پر واقع اس جدید طرز کے پینٹری ویئرہاؤس کا افتتاح کیا، جسے امریکہ کا پہلا ’’مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ویئرہاؤس اور پینٹری‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ویئرہاؤس 22,000 مربع فٹ رقبے پر محیط ہے، جو چار باسکٹ بال کورٹ کے برابر ہے۔
میٹ کونسل کے سی ای او ڈیوڈ گرین فیلڈ نے کہا، ’’یہ اپنی نوعیت کا پہلا اے آئی سے چلنے والا پینٹری ہے۔ ہم اس ٹیکنالوجی کو استعمال کر رہے ہیں تاکہ صحیح کھانا صحیح کمیونٹی تک پہنچ سکے، کیونکہ ہر علاقے کے لوگوں کی غذائی ضروریات مختلف ہوتی ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی سسٹم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے اور بھوک کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہو رہا ہے۔ ’’ہم جان سکتے ہیں کہ کن پینٹریز کو زیادہ کھانے کی ضرورت ہے اور کن کو کم۔ یہاں تک کہ ہارورڈ بزنس اسکول نے بھی اس ماڈل پر تحقیق کی ہے۔‘‘
اس پینٹری سے ہر ماہ تقریباً 2,500 افراد مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ ویئرہاؤس کے ذریعے سالانہ 2,25,000 افراد کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
اب خاندان اپنے گھر کے سائز کے مطابق پوائنٹ سسٹم کے ذریعے آن لائن گروسری آرڈر کر سکتے ہیں، جس سے طویل قطاروں کی ضرورت ختم ہو گئی ہے اور رازداری اور انتخاب کی آزادی بحال ہوئی ہے۔
یہ نئی پینٹری امریکہ کے سب سے بڑے کوشر اور حلال فوڈ ڈسٹری بیوشن سسٹم کا حصہ بن کر تاریخ رقم کر رہی ہے۔۔‘‘
میٹ کونسل کو امید ہے کہ یہ ماڈل ملک بھر کی کمیونٹیز کے لیے ایک مثال بنے گا۔
