نیو یارک کے میئر نے ڈائسپورا کے کردار کو سراہا، پہلی مرتبہ پاکستان ہیریٹیج ڈے کی تقریب کی میزبانی
یو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کی نیو یارک سٹی کی سماجی، ثقافتی اور معاشی زندگی میں شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ شہر کے تعلقات کو دنیا کی تمام کمیونٹیز، بالخصوص متحرک پاکستانی ڈائسپورا کے ساتھ مزید مضبوط کرے گی۔
وہ جمعرات کو گریسی مینشن، جو کہ نیو یارک سٹی کے میئر کی سرکاری رہائش گاہ ہے، میں پہلی مرتبہ میئر کے دفتر کی جانب سے پاکستان کی آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ “پاکستان ہیریٹیج ڈے ریسیپشن” سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، نیو یارک میں قونصل جنرل عامر احمد آتو زئی، اعلیٰ شہری و ریاستی حکام، سیاسی رہنما، سفارتکار اور بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے نمایاں افراد شریک ہوئے۔ میئر نے پاکستانی ڈائسپورا کو پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں پاکستان میں حالیہ سیلاب کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اپنے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد آتو زئی نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کی خدمات کو تسلیم کرنے اور پاکستان ہیریٹیج ڈے منانے پر میئر ایڈمز کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وراثت صرف 1947 کی آزادی سے وابستہ نہیں بلکہ اس کی قدیم تہذیبوں، کثیرالثقافتی روایات اور ثقافتی ورثے سے بھی ہے جو آج بھی دنیا کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری نیو یارک کے سماجی و معاشی ڈھانچے کا لازمی حصہ ہے جو طب، تعلیم، ٹیکنالوجی، عوامی خدمات اور فنون سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور دنیا کے ساتھ امن، ترقی اور باہمی تعاون کے لیے کام کرتا رہے گا۔
دونوں پاکستانی نمائندوں نے میئر کے دفتر برائے بین الاقوامی امور، جس کی قیادت کمشنر عیساتا کامارا کر رہی ہیں، کا پاکستانی نژاد امریکی برادری کی غیر متزلزل حمایت اور پاکستان ہیریٹیج ڈے کی تاریخی تقریب کو ممکن بنانے پر گہری تشکر کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا اختتام پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرپا دوستی کے رشتوں کی تجدید اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کے طور پر تسلیم کرنے پر ہوا۔