نیویارک (ویب ڈیسک): تھینکس گیونگ (Thanksgiving) کے موقع پر سفر یا گھروں سے نکلنے کا ارادہ رکھنے والے نیویارکرز کو پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ جمعرات کے روز ایک طاقتور طوفان شہر میں شدید تیز ہواؤں، موسلا دھار بارش اور ساحلی سیلاب (Coastal flooding) کا باعث بن سکتا ہے۔
نیشنل ویدر سروس (National Weather Service) نے جمعرات صبح 10 بجے سے جمعہ کی صبح ایک بجے تک نیویارک سٹی کے لیے ہائی ونڈ واچ (High wind watch) جاری کر دیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق ہوا کے جھکڑ 45 سے 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ پلوں اور دیگر بلند مقامات پر اس سے بھی زیادہ تیز ہواؤں کا امکان ہے، اور نیشنل ویدر سروس و نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق شدید ترین ہوائیں اور موسلا دھار بارش جمعرات دوپہر 12 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو صبح 9 بجے کے بعد بارش کا آغاز ہو سکتا ہے اور شہر بھر میں 1 سے 2 انچ جبکہ بعض علاقوں میں 3 انچ تک بارش متوقع ہے۔ جمعرات کی صبح اور شام اونچی لہروں (High tides) کے دوران ساحلی سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ جمعہ کو بھی سیلابی صورتحال کا ایک اور دور آ سکتا ہے، جس کے باعث بالخصوص جمیکا بے (Jamaica Bay) کے قریبی علاقوں میں بعض سڑکوں سے گزرنا دشوار ہو سکتا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ سفری لحاظ سے بدترین حالات جمعرات دوپہر 12 سے رات 10 بجے تک رہیں گے، لہٰذا ڈرائیور حضرات سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں اور فضائی مسافر اپنی پروازوں کا اسٹیٹس ضرور چیک کریں، جبکہ تیز ہواؤں سے درختوں کی شاخیں اور بجلی کی تاریں گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی (MTA) کے چیئرمین اور سی ای او جانو لیبر (Janno Lieber) نے بتایا کہ ادارہ ممکنہ طوفانی نقصانات بشمول ٹرین کی پٹریوں پر درخت اور ملبہ گرنے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے، پورے نظام میں عملے کو آریوں (Chainsaws) اور دیگر آلات کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے جبکہ بجلی کی تاریں گرنے کی صورت میں یوٹیلیٹی کمپنیوں سے بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھر کے باہر رکھی اشیاء کو محفوظ کریں، اپنی گاڑیاں نشیبی و سیلابی علاقوں سے ہٹا لیں اور سیلابی پانی میں داخل ہونے سے گریز کریں؛ شہر نے اپنا فلیش فلڈ ایمرجنسی پلان (Flash flood emergency plan) فعال کر کے برساتی نالوں (Storm drains) کی صفائی شروع کر دی ہے، جبکہ مفت موسمی الرٹس کے لیے شہری 692-692 پر NOTIFYNYC لکھ کر ٹیکسٹ میسج بھیج سکتے ہیں۔





