لندن (ویب ڈیسک):انتہائی مقبول ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو سکس (Grand Theft Auto VI – GTA VI) کی خفیہ فوٹیج چوری اور آن لائن لیک کرنے سمیت کئی بڑے سائبر حملوں میں ملوث برطانوی ہیکر 21 سالہ اریون کرتاج (Arion Kurtaj) کو برطانیہ کی ایک عدالت نے پیر کے روز سات سال قید کی سزا سنائی ہے، تاہم حراست میں پہلے ہی برسوں گزارنے کی بنیاد پر انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
لندن کی وول وچ کراؤن کورٹ (Woolwich Crown Court) کے جج مارک ٹرنر (Mark Turner) نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ چونکہ اریون کرتاج پہلے ہی حراست میں کئی سال گزار چکے ہیں اس لیے وہ فوری طور پر آزاد ہونے کے حقدار ہیں۔
اریون کرتاج نے گزشتہ ہفتے 2021ء اور 2022ء کے درمیان کئی بڑی کمپنیوں کو ہیک کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا، جن میں جی ٹی اے کی تخلیق کار کمپنی راک اسٹار گیمز (Rockstar Games)، موبائل آپریٹر بی ٹی/ای ای (BT/EE)، ڈیجیٹل بینک ریوولیوٹ (Revolut) اور رائیڈ ہیلنگ کمپنی اوبر (Uber) شامل ہیں۔
جج مارک ٹرنر نے اریون کرتاج سے مخاطب ہو کر کہا کہ ”آپ یقیناً ایک انتہائی باصلاحیت نوجوان ہیں، اپنی باقی زندگی جیل کے اندر اور باہر گزار کر ان صلاحیتوں کو ضائع نہ کریں۔“ جج کے مطابق سزا کا تعین کرتے وقت جرم کی سنگینی کے ساتھ ساتھ ملزم کی کم عمری اور طبی تشخیص (Medical diagnoses) کے درمیان توازن رکھا گیا۔
آٹزم (Autism) کا شکار اریون کرتاج نے نوعمری میں بدنامِ زمانہ ہیکنگ گروپ لیپسس ڈالر (Lapsus$) کے کلیدی رکن کے طور پر یہ حملے کیے تھے۔ ابتدائی طور پر ستمبر 2022ء میں بی ٹی/ای ای کو ہیک کرنے کے الزام کے بعد حریف ہیکرز سے تحفظ کے لیے انہیں ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا، لیکن انہوں نے اسی ہوٹل کے کمرے سے محض ایک موبائل فون، ہوٹل کے وائی فائی سے منسلک ٹیلی ویژن اور ایمیزون فائر ٹی وی اسٹک (Amazon Fire TV Stick) کا استعمال کرتے ہوئے ریوولیوٹ، اوبر اور راک اسٹار گیمز کے سسٹمز میں نقب لگائی اور GTA VI کی 90 ویڈیوز حاصل کر لیں۔
کرتاج نے گیم کی پہلی باضابطہ جھلک جاری ہونے سے ایک سال سے بھی قبل ”TeaPotUberHacker“ کے نام سے یہ ویڈیوز آن لائن لیک کر دیں جس سے ویڈیو گیم انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی۔ کراؤن پراسیکیوشن سروس (CPS) کے مطابق کرتاج چوری شدہ سورس کوڈ جاری کرنے کی دھمکی دے کر راک اسٹار گیمز کو بلیک میل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، جبکہ جج نے بتایا کہ اس سائبر حملے سے نمٹنے کے لیے اسٹوڈیو کو وسیع تجارتی اثرات کے علاوہ 15 لاکھ ڈالر ($1.5 million) خرچ کرنے پڑے۔
یاد رہے کہ 2023ء میں جیوری نے کرتاج کو سائبر جرائم کا مرتکب قرار دیا تھا مگر ماہرینِ نفسیات کی جانب سے مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے نااہل قرار دیے جانے پر انہیں دو سال تک ایک محفوظ اسپتال (Secure hospital) میں رکھا گیا تھا۔ اسی مقدمے میں Lapsus$ کے ایک اور 17 سالہ رکن طلحہ جبیر (Thalha Jubair) کو فروری 2022ء میں چپ ساز کمپنی این ویڈیا (Nvidia) کو ہیک کرنے کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا، جنہیں رواں سال ایک اور ہیکنگ گروپ اسکیٹرڈ اسپائیڈر (Scattered Spider) کے حصے کے طور پر لندن کے پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹر پر سائبر حملے کے جرم میں ساڑھے پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔۔





