نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران کوامی ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) اور نیویارک سٹی کمیشن آن ہیومن رائٹس (NYC Commission on Human Rights) کی کمشنر کرسٹین کلارک (Christine Clarke) نے آج ایک نئے اور سخت اقدام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ممکنہ کرایہ داروں کے ساتھ بار بار امتیازی سلوک کرنے والے رئیل اسٹیٹ بروکرز کو انفرادی طور پر جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، بالخصوص ان معاملات میں جہاں شہریوں کو محض رینٹل اسسٹنس (Rental assistance / Housing vouchers) حاصل کرنے کی بنیاد پر گھر دینے سے انکار کیا جاتا ہے۔
برسوں سے امتیازی سلوک کے مرتکب بروکرز ایک بروکریج فرم چھوڑ کر دوسری فرم میں منتقل ہو کر احتساب سے بچ نکلتے تھے؛ اگرچہ شہر نے ماضی میں چھ ہندسوں (Six-figure) تک کے بھاری جرمانے عائد کیے، تاہم محض مالی جرمانے بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئے۔
اب پہلی بار کمیشن لائسنس یافتہ رئیل اسٹیٹ بروکرز کی خلاف ورزیوں کے کیسز نیویارک اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ (New York State Department of State) کو بھیجے گا جو رئیل اسٹیٹ لائسنسنگ کی نگرانی کرتا ہے، تاکہ ریاست شکایات کا آزادانہ جائزہ لے کر بروکر کا لائسنس معطل یا منسوخ (Suspension or revocation) کرنے سمیت تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر سکے۔
میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ ”جب کسی نیویارکر کو محض اس لیے اپارٹمنٹ دینے سے انکار کیا جاتا ہے کہ وہ ہاؤسنگ واؤچر استعمال کرتا ہے، تو یہ محض گھر کی تلاش میں رکاوٹ نہیں بلکہ غیر قانونی امتیاز ہے۔ بروکرز کو ایک فرم سے دوسری فرم جا کر احتساب سے بچنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ہم اسے بدل رہے ہیں۔“ کمشنر کرسٹین کلارک نے کہا کہ کرائے کے گھروں میں امتیازی سلوک شہر کے سب سے عام اور نقصان دہ مسائل میں سے ایک ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی میئر برائے اقتصادی انصاف جولی سو (Julie Su) نے واضح کیا کہ کاروبار کرنے کا لائسنس امتیازی سلوک کرنے کا لائسنس نہیں، جبکہ ڈپٹی میئر برائے ہاؤسنگ اینڈ پلاننگ لیلیٰ بزرگ (Leila Bozorg) اور میئرز آفس ٹو پروٹیکٹ ٹیننٹس کی ڈائریکٹر سیا ویور (Cea Weaver) نے کہا کہ انتظامیہ ہر نیویارکر کے مساوی رہائشی حقوق کے تحفظ کے لیے پوری قوت استعمال کرے گی۔
کمیشن کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں 1,500 سے زائد رئیل اسٹیٹ بروکرز اور بروکریجز کے خلاف آمدنی کے ذریعے (Source-of-income) پر امتیازی سلوک کی شکایات درج ہوئیں، جن میں سے کم از کم 264 بروکرز (تقریباً ہر چھ میں سے ایک) کے خلاف ایک سے زائد بار شکایات آئیں اور مجموعی طور پر 826 شکایات انہی عادی خلاف ورزی کرنے والوں سے متعلق تھیں جبکہ ایک بروکریج کے خلاف اکیلے 30 سے زائد شکایات درج ہوئیں۔
مالی سال 2026ء میں کمیشن نے 272 ٹیسٹس، 152 پری کمپلینٹ مداخلتیں اور 54 باضابطہ شکایات دائر کیں۔ نیویارک سٹی کونسل کی کمیٹی برائے سول اینڈ ہیومن رائٹس کی چیئر سینڈی نرس (Sandy Nurse)، فیئر ہاؤسنگ جسٹس سینٹر (FHJC) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میری ون فیلڈ (Marie Winfield)، ان لاک این وائی سی (Unlock NYC) کی ماہر مار میگوائر (Mar Maguire) کے مطابق 2021ء سے اب تک 2,300 سے زائد رئیل اسٹیٹ پروفیشنلز کی شکایات موصول ہوئیں جن میں 58 فیصد کے خلاف 3 سے 20+ بار شکایات آئیں) اور نیبرز ٹوگیدر (Neighbors Together) کی ایمی بلم سیک (Amy Blumsack) نے اس فیصلے کو واؤچر ہولڈرز کو بے گھر ہونے سے بچانے اور مستقل رہائشی استحکام کے لیے تاریخی قدم قرار دیا۔





