واشنگٹن / نیویارک (ویب ڈیسک):امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے پانچویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ (North Carolina’s 5th Congressional District) میں ڈیموکریٹک امیدوار چک ہبارڈ (Chuck Hubbard) نے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد دیرینہ ریپبلکن رکنِ کانگریس ورجینیا فاکس (Virginia Foxx) کو شکست دے کر یہ نشست ڈیموکریٹک پارٹی کے نام کر لی ہے.
جنوری میں حلف اٹھانے والی نئی کانگریس میں ڈیموکریٹس کو گزشتہ تین دہائیوں (1992ء) کے بعد امریکی ایوانِ نمائندگان (House of Representatives) میں سب سے بڑی اکثریت حاصل ہونے جا رہی ہے۔
یسوسی ایٹڈ پریس (Associated Press) کی پیشگوئی کے مطابق 99 فیصد متوقع ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر چک ہبارڈ کو ورجینیا فاکس پر 48.7 فیصد بمقابلہ 48.6 فیصد کی معمولی برتری حاصل ہے، اور دونوں امیدواروں کے درمیان 300 سے بھی کم ووٹوں کا فرق ہے۔
سابق مقامی صحافی چک ہبارڈ نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست دینے والی ورجینیا فاکس نے اتوار کی صبح انہیں فون کر کے باضابطہ طور پر شکست تسلیم (Concede) کر لی۔
2024ء میں ورجینیا فاکس کے خلاف ناکام رہنے والے چک ہبارڈ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”مجھے کانگریس وومن فاکس کا ان کی دہائیوں پر محیط خدمات اور بے شمار قربانیوں پر سب سے پہلے شکریہ ادا کرنے دیں۔“
دوسری جانب 2004ء سے امریکی ایوانِ نمائندگان کی رکن اور اس وقت بااثر ہاؤس رولز کمیٹی (House Rules Committee) کی چیئرپرسن ورجینیا فاکس نے اتوار کو اپنے بیان میں چک ہبارڈ کی فتح تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سخت اور جامع انتخابی عمل کے بعد پانچویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کے ووٹروں نے اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنی آواز پہنچائی، اور انہوں نے 120ویں کانگریس میں اس حلقے کی نمائندگی کے لیے چک ہبارڈ کو فون کر کے مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کی ہیں۔
رواں سال نارتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹس نے بڑی سیاسی کامیابیاں سمیٹی ہیں، جہاں چک ہبارڈ کی فتح کے علاوہ سابق ڈیموکریٹک گورنر رائے کوپر (Roy Cooper) نے بھی ریٹائر ہونے والے ریپبلکن سینیٹر تھام ٹِلس (Thom Tillis) کی امریکی سینیٹ نشست جیت لی ہے۔
ABC News کے حالیہ ہاؤس تخمینے کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کم از کم 258 نشستیں حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہیں جبکہ ریپبلکنز کے پاس کم از کم 173 نشستیں ہیں اور چار حلقوں کے نتائج کا اعلان ابھی باقی ہے۔
ایوانِ نمائندگان کے ریکارڈ کے مطابق چک ہبارڈ کی فتح نے ڈیموکریٹس کے لیے 1992ء کے بعد سب سے بڑی اکثریت یقینی بنا دی ہے جب انہوں نے آخری بار 258 اراکین منتخب کیے تھے۔





