شینژن / بیجینگ (ویب ڈیسک): ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) سربراہی اجلاس کے موقع پر عالمی سیاست سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرکاری دورے پر چین کے شہر شینژن پہنچ گئے ہیں۔
خلیج ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر بدھ کے روز شینژن کے باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں میزبان ملک کے صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ایک اہم سہ فریقی (Trilateral) اجلاس متوقع ہے، جسے عالمی ذرائع ابلاغ میں تینوں بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کے درمیان ایک غیر معمولی اور تاریخی سفارتی نشست قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جمعرات کے روز ہونے والی اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں ایران کی صورتحال اور یوکرین کی جنگ سمیت کئی اہم عالمی تنازعات پر کھل کر گفتگو ہوگی۔ تینوں رہنما اس بات پر غور کریں گے کہ کس طرح ان خطرناک بحرانوں کے پرامن حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔
اس میگا سمٹ کے دوران دنیا کی تینوں بڑی جوہری طاقتوں کے صدور کے درمیان جوہری ہتھیاروں میں کمی اور تخفیفِ اسلحہ کے اہم ترین معاملے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
بین الاقوامی برادری اس سہ فریقی ملاقات کو عالمی امن، تجارت اور سلامتی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، تاہم اجلاس کے حتمی نتائج اور کسی ممکنہ مشترکہ اعلامیے یا معاہدے کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔





