روم / نیویارک (ویب ڈیسک): اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ادارے (Italian Data Protection Authority) نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا کی عالمی کمپنی میٹا (Meta) پر 887 ملین ڈالر کا بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ جرمانہ اینڈرائیڈ (Android) فون استعمال کرنے والے فیس بک صارفین کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز کی گیلری تک مخصوص اور واضح اجازت (Specific Consent) کے بغیر رسائی حاصل کرنے پر عائد کیا گیا ہے۔
اطالوی ریگولیٹری ادارے کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک نے صارفین کے علم میں لائے بغیر “براؤزنگ کے دوران گیلری سے تجاویز حاصل کریں” (Get suggestions from gallery when browsing) کا فیچر ازخود (By Default) فعال کر رکھا تھا اور ایک عمومی اجازت نامے کے ذریعے صارفین کی ذاتی فوٹو لائبریری تک رسائی مانگی گئی۔
ادارے نے میٹا کے آئرش ذیلی ادارے کو نامزد کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ اقدام یورپی یونین کے وسیع تر ’ای پرائیویسی ڈائریکٹیو‘ (ePrivacy Directive) اور اطالوی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جو اسمارٹ فون کو شہریوں کی نجی زندگی کا حصہ قرار دیتے ہیں اور ڈیٹا تک رسائی کے لیے “آزادانہ اور باخبر رضامندی” کو لازمی ٹھہراتے ہیں۔
اطالوی حکام نے میٹا کو 60 دن کی مہلت دی ہے کہ وہ اس متنازع فیچر کو ازخود بند (Turned off by default) کرے اور صارفین سے اجازت لینے کے نوٹس کو تبدیل کر کے واضح طور پر بتائے کہ یہ فیچر کس مقصد کے لیے ہے، اس میں فوٹو گیلری تک رسائی شامل ہے اور صارف اسے کیسے بند کر سکتا ہے۔
اٹلی کا یہ جرمانہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میٹا امریکہ میں بھی کم عمر بچوں کی ذہنی صحت اور سوشل میڈیا کی لت سے متعلق متعدد قانونی جنگوں میں گھرا ہوا ہے۔
گزشتہ اگست میں کیلیفورنیا، کولوراڈو، کینٹکی اور نیو جرسی سمیت 29 امریکی ریاستوں کے اتحاد کے ساتھ ہائی پروفائل مقدمے کے بعد میٹا نے 17 ارب ڈالر کا تصفیہ کیا، جبکہ اسی ماہ ٹیکساس کو بھی اسی نوعیت کے الزامات پر 1 ارب ڈالر سے زائد ادا کیے گئے، جس سے کمپنی کی مجموعی ادائیگیوں کا حجم تقریباً 18 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔
3 نومبر کے امریکی وسط مدتی انتخابات (Midterms) میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی کے بعد مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل تحفظ کے حامیوں کو امید ہے کہ نئی کانگریس بڑی ٹیک کمپنیوں کے خلاف سخت قوانین منظور کرے گی۔
مشی گن سے نومنتخب سینیٹر عبدالسید (Abdul El-Sayed)، کولوراڈو سے نومنتخب رکنِ کانگریس مینی روٹینل (Manny Rutinel) اور نیویارک سے مائیکا لیشر (Micah Lasher) جیسے قانون سازوں کی آمد کے بعد ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کانگریس کے دونوں ایوانوں کی کڑی نگرانی میں آ جائیں گے۔





