واشنگٹن (ویب ڈیسک): ٹرمپ انتظامیہ نے امریکہ میں بے روزگاری کے الاؤنس (Unemployment Benefits) حاصل کرنے کے خواہشمند امریکی شہریوں کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کی نئی اور اہم تجویز پیش کر دی ہے۔
محکمہ محنت (US Department of Labor) کے نئے مجوزہ قواعد و ضوابط کے تحت الاؤنس کے لیے درخواست دہندگان کو اب رقم کے حصول کے لیے ہر ہفتے کم از کم 5 منفرد جاب سرچز (Job Searches) یعنی مختلف جگہوں پر ملازمت کی تلاش کو یقینی بنانا ہوگا۔
فڈرل رجسٹر میں شائع کی جانے والی اس پالیسی کی دستاویز کے مطابق اس وقت امریکہ کی زیادہ تر ریاستوں میں ہفتے میں صرف 2 سے 3 ملازمتوں کی تلاش کا قانون نافذ ہے، جبکہ صرف 4 ریاستیں ایسی ہیں جہاں 5 جاب سرچز کی شرط موجود ہے۔ بعض ریاستوں میں الاؤنس کے لیے ہفتے میں صرف ایک جاب سرچ ہی کافی سمجھی جاتی ہے۔
محکمہ محنت کے مطابق اس تبدیلی کا بنیادی مقصد پورے ملک میں بے روزگاری الاؤنس کے اہلیت کے معیار کو یکساں اور شفاف بنانا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لوگ عارضی امداد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فعال طور پر روزگار کی منڈی سے جڑے رہیں گے اور نظام میں موجود نااہلیوں کا خاتمہ ہوگا۔
مجوزہ قانون کے تحت صرف مالکان سے رابطہ کرنا ہی نہیں بلکہ جاب پلیسمنٹ ایجنسی یا یونین میں رجسٹریشن کروانا بھی جاب سرچ شمار ہوگا۔ ریاستوں کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ پوائنٹس سسٹم (Points-Based System) کے ذریعے مختلف سرگرمیوں کے پوائنٹس مقرر کریں اور شہری کو الاؤنس کے لیے ہفتے میں کم از کم 5 پوائنٹس حاصل کرنا ہوں گے۔
عمالیاتی اور سیکیورٹی گروپس نے اس تجویز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ‘نیشنل ایمپلائمنٹ لا پروجیکٹ’ کی سینئر ڈائریکٹر مائیکل ایورمور (Michele Evermore) نے کہا کہ “یہ نئی شرط بیروزگار افراد کے لیے بے حد مشکل ثابت ہوگی اور اس سے ریاستوں کو اپنے آن لائن ڈیٹا بیس اور انفراسٹرکچر میں تبدیلیوں پر لاکھوں ڈالر کا اضافی بوجھ اٹھانا پڑے گا”۔
محکمہ محنت نے اس مجوزہ قانون کی باضابطہ اشاعت کے بعد عوام اور متعلقہ فریقین کو رائے دہندگی اور تبصروں کے لیے 60 دنوں کی مہلت فراہم کی ہے، جس کے بعد اس کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔





