ویلی اسٹریم، نیویارک : نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے ویلی اسٹریم میں منعقدہ ’’ساؤتھ ایشین لیڈرز میٹ اینڈ گریٹ‘‘ تقریب میں شرکت کی، جہاں جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور مذہبی عمائدین نے شرکت کرتے ہوئے ریاستی امور اور کمیونٹی کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

تقریب میں خاندانی فلاح و بہبود، چھوٹے کاروباروں کو درپیش مشکلات، کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ اور شہری و سیاسی شمولیت جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔ شرکاء نے آئندہ وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں عوامی نمائندگی اور شہری سرگرمیوں میں مؤثر شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

گورنر کیتھی ہوچل نے جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی خدمات اور نیویارک کی سماجی و معاشی ترقی میں اس کے کردار کو سراہا۔ اجتماع میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ کمیونٹی کے مسائل کو حکومتی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے۔

تقریب کے انعقاد اور انتظامات میں ہوسٹ کمیٹی کے ارکان ارم حنیف (Erum Hanif)، کیری سولاج (Carrié Solages)،مشعل سولاج (Michel solage) وکیل انصاری (Vakil Ansari) اور مجیب لودھی (Mujeeb Lodhi) نے اہم کردار ادا کیا۔ منتظمین کے مطابق، اس ملاقات کا بنیادی مقصد جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے نمائندوں اور ریاستی قیادت کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور کمیونٹی کی ترجیحات کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے مکالمے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

تقریب کے اختتام پر جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی سیاسی و سماجی نمائندگی بڑھانے، شہری معاملات میں فعال شرکت کی حوصلہ افزائی اور کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔






