نیویارک / واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل (Kathy Hochul) نے ریاست میں خسرہ (Measles) کے کیسز میں اچانک اور خطرناک حد تک اضافے کے بعد ہنگامی حالت (State of Emergency) کا اعلان کر دیا ہے۔
گورنر انتظامیہ کے مطابق یہ قدم نیویارک کے دیہی علاقوں اور پڑوسی ریاستوں میں خسرہ کے پھیلائو کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
گورنر کیتھی ہوچل نے کہا: “نیویارک میں خسرہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد میں نے اسٹیٹ ڈسائسٹر ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے تاکہ اس بیماری کا مقابلہ کرنے کی ہماری کوششوں کو تقویت ملے۔ ایسی بیماری سے جس سے ویکسین کے ذریعے بچاؤ ممکن ہو، کسی کو بھی شدید بیمار یا ہلاک نہیں ہونا چاہیے۔” اس ایمرجنسی کے تحت ویکسین لگانے والے طبی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور ٹیسٹنگ کی سہولیات کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
نیویارک میں رواں سال خسرہ کے 108 کیسز سامنے آ چکے ہیں (جن میں سے 101 کیسز نیویارک سٹی سے باہر دیہی علاقوں سے رپورٹ ہوئے)، جبکہ 2023 میں صرف 1 کیس، 2024 میں 15 اور 2025 میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
پڑوسی ریاست پنسلوانیا میں خسرہ کے 1,000 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں جہاں 5 افراد جاں بحق اور 198 افراد ہسپتال داخل ہوئے ہیں۔ یہ تین دہائیوں میں اس ریاست کا سب سے بڑا اؤٹ بریک ہے۔
نیویارک، پنسلوانیا اور اوہائیو میں ‘امش’ (Amish) کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے جہاں ویکسینیشن کی شرح انتہائی کم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کم از کم 95 فیصد آبادی کی ویکسینیشن ضروری ہوتی ہے۔
امریکی ادارے CDC کے مطابق رواں سال امریکہ بھر میں خسرہ کے تقریباً 3,900 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جو 1991 کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے ہیلتھ سیکرٹری روبوٹ ایف کینیڈی جونیئر (RFK Jr.) کو خسرہ کے پھیلاؤ پر ناقص ردِعمل اور ویکسین مخالف بیانات کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے روبوٹ کینیڈی کو “نااہل” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔





