اگر آپ چند سال پرانا اسمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں، تو بہت جلد آپ اس پر واٹس ایپ (WhatsApp) بالکل بھی استعمال نہیں کر سکیں گے۔
میٹا (Meta) کی ملکیتی کمپنی واٹس ایپ پرانے اینڈرائیڈ (Android) اور آئی او ایس (iOS) آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز میں واٹس ایپ لاگ اِن کو مکمل طور پر بلاک کرنے پر کام کر رہی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘WABetaInfo’ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کی جانب سے غیر معمولی اقدامات اٹھاتے ہوئے ان صارفین کو براہِ راست آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی حتمی وارننگ جاری کی جائے گی۔
ماضی میں سپورٹ ختم ہونے کے باوجود پرانے فونز پر میسجز بھیجنا کسی حد تک ممکن رہتا تھا، تاہم اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد ایپ پر رسائی مکمل طور پر ختم ہو جائے گی اور وارننگ کو نظر انداز کر کے سائن اِن ہونا ناممکن ہو جائے گا۔
اگر صارف کے پاس فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی گنجائش نہیں ہوگی، تو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے نیا اسمارٹ فون خریدنا لازمی ہوگا۔
کمپنی نے حال ہی میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 پر سپورٹ ختم کر کے اینڈرائیڈ 6 (Android 6.0) کو لازمی قرار دیا ہے۔
30 نومبر 2026 سے آئی فونز میں واٹس ایپ چلانے کے لیے آئی او ایس 15.5 (iOS 15.5) یا اس سے جدید ورژنز کی ضرورت ہوگی۔
رپورٹ میں فی الحال لاگ اِن بلاک کی اس پابندی کے مکمل اطلاق کی حتمی تاریخ کی وضاحت نہیں کی گئی، تاہم متاثرہ فونز پر وارننگز کا سلسلہ جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔



