تاریخ: 3 اکتوبر
نیویارک:عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار اور معروف قوال استاد راحت فتح علی خان نے امریکہ میں اپنے میوزک ٹور کے دوران نیویارک میں ایک یادگار اور شاندار کنسرٹ پیش کیا، جس میں پاکستانی، ایشیائی اور بین الاقوامی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے موسیقی کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے پسندیدہ فنکار سے بھرپور محبت کا اظہار کیا۔
اس ایونٹ کےآرگنائزاور ورلڈ اسٹار کے فاؤنڈر عطیق شیخ کے مطابق کنسرٹ کے تمام ٹکٹس شو سے قبل ہی مکمل طور پر فروخت ہو چکے تھے، اور ہال میں موجود ہزاروں شائقین نے ہر گیت اور قوالی پر فنکاروں کو بھرپور داد دی۔

کنسرٹ کا سب سے دلکش پہلو استاد راحت فتح علی خان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کی اسٹیج پر موجودگی اور ان کی اپنے والد کے ساتھ سروں کی خوبصورت ہم آہنگی تھی۔ دونوں کی مشترکہ پیشکش نے استاد نصرت فتح علی خان کی عظیم قوالی اور موسیقی کی خاندانی روایت کے تسلسل کو اجاگر کیا۔

راحت فتح علی خان نے اپنے مشہورِ زمانہ گیت اور قوالیاں پیش کیں، جن میں ’’آفرین آفرین‘‘، ’’میرے رشکِ قمر‘‘ اور ’’دل پہ زخم کھاتے ہیں‘‘ شامل تھے، جنہوں نے پوری محفل کو وجد میں ڈال دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی موسیقی، قوالی اور صوفیانہ کلام کو متعارف کرانا ان کے مشن کا اہم حصہ ہے، اور بیرونِ ملک پاکستانیوں سے ملنے والی محبت ان کے لیے سب سے بڑا سرمایہ ہے۔
اس موقع پر فلِی کےاونرساغرکھنّہ انکی اہلیہ کرن کھنّہ اور وائس آف نیویارک اردوکےروح رواں عاطف خان نے خصوصی شرکت کی اور ایونٹ آرگنائزرعطیق شیخ کی کامیاب ایونٹ کوخوب سراہا۔

پروگرام کا اختتام انتہائی جذبات انگیز انداز میں ہوا جہاں تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر (Standing Ovation) فنکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔




