لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

پروفیشنل پیپلزفورم ملائیشیاچیپٹرکاشانداراور تاریخی افتتاح

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

کوالالمپور (13 ستمبر 2026)

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی، معاشی، تعلیمی اور باہمی پیشہ ورانہ روابط کو استوار کرنے کے لیے ‘پروفیشنل پیپلز فورم’ (PPF) ملائیشیا چیپٹر کا باقاعدہ افتتاح کوالالمپور میں منعقدہ ایک پروقار اور بے مثال تقریب میں کر دیا گیا ہے۔

کِل سٹی مال کے ‘پاک پنجاب’ ہال میں “ملائیشیا–پاکستان بزنس اینڈ پروفیشنل انگیجمنٹ” کے عنوان سے منعقدہ اس تاریخی پروگرام میں دونوں ممالک کے نامور بزنس لیڈرز، سرمایہ کاروں، تکنیکی ماہرین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں اور یومِ ملائیشیا کی مناسبت سے “جالور گمیلانگ” کی پیشکش سے ہوا۔ چیف پیٹرن داتو محمد امین صادق کی صاحبزادی ذکیرہ زہرہ نے تقریب کی نظامت انجام دیتے ہوئے نوجوانوں کو عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنے پر زور دیا۔

مستقل صدر (ملائیشیا چیپٹر) ایم ایس اطہر قریشی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی پی ایف محض ایک روایتی نیٹ ورکنگ فورم نہیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے عملی مواقع پیدا کرنے والا فعال پلیٹ فارم ہے۔

نائب صدر چوہدری زاہد حسین نے دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ وینچرز اور سروسز کے تبادلے پر ایک تفصیلی اور جامع پریزنٹیشن پیش کی۔

بانی و مرکزی صدر سید شاہد علی ہاشمی پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے بانی صدر نے کہا کہ اس فورم کا مقصد ایک ایسا بین الاقوامی منبر تشکیل دینا ہے جہاں تمام شعبوں سے وابستہ افراد اکٹھے ہو کر ترقی کی نئی راہیں تلاش کر سکیں۔

تقریب میں مسلم کنزیومرز ایسوسی ایشن ملائیشیا کے داتو سری نادزم جوہان، چیئرمین ملائیشیا پاکستان بزنس کونسل (MPBC) داتو سری نذیر اور پاکستان مسلم لیگ ن ملائیشیا چیپٹر کے چوہدری نثار نے خصوصی طور پر شرکت کی اور فورم کے قیام کو سراہا۔

اس پروقار تقریب کی ایک اہم علمی خصوصیت پاکستانی مصنف ایم ایس اطہر قریشی کی نئی تصنیف “شہیدِ اعظم پاکستان — ذوالفقار علی بھٹو” کی بین الاقوامی سطح پر رونمائی تھی، جسے شرکاء نے ملائیشیا میں پاکستانی برادری کی جانب سے ایک تاریخی ادبی اقدام قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداروں میں اسناد اور معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کو کامیاب بنانے میں چیف پیٹرن داتو محمد امین صادق، صدر راجہ منور شہزاد، جوائنٹ سیکرٹری شہید، بابر شہزاد اور میڈیا کوآرڈینیٹر شیخ محمد ثاقب شامی کی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء کے مطابق ملائیشیا میں گزشتہ بیس سالوں کے دوران کسی بھی پاکستانی نجی تنظیم کی جانب سے یہ سب سے منظم اور معیاری پروگرام تھا۔