واشنگٹن: فلکیاتی شائقین کے لیے ایک شاندار قدرتی نظارہ سامنے آ رہا ہے؛ جمعرات کی شب شمالی اور جنوبی امریکہ کے وسیع حصوں میں تقریباً مکمل (96 فیصد) چاند گرہن دیکھا جا سکے گا۔ اس موقع پر ملین سے زائد افراد قدرت کے اس دلکش شاہکار کے شاہد بنیں گے۔
چاند گرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے اور اس کا سایہ چاند کی سطح پر پڑتا ہے۔ اس گرہن کو “بلڈ مون” (Blood Moon) بھی کہا جا رہا ہے کیونکہ زمین کی فضا سے سورج کی روشنی کے گزرنے اور بکھرنے کی وجہ سے چاند کی رنگت سرخ مائل دکھائی دے گی۔
چاند گرہن کا آغاز رات 9:23 بجے (EST) ہوگا جبکہ یہ اپنے عروج پر رات 10:33 بجے (EST) پہنچے گا۔
یہ نظارہ بنیادی طور پر برِاعظم امریکہ میں دیکھا جا سکے گا، تاہم یورپ اور افریقہ کے چند حصوں میں بھی جزوی طور پر نمایاں ہوگا۔
گرہن کے عروج کے لمحے چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے تاریک سائے میں ڈھک جائے گا۔
واضح رہے کہ جاری ماہ کے اوائل میں یورپ کے مختلف علاقوں میں ایک شاندار سورج گرہن بھی دیکھا گیا تھا جس نے کچھ دیر کے لیے دن کے وقت تاریکی پھیلا دی تھی۔ تاہم جمعرات کی رات کا چاند گرہن اپنے سرخی مائل رنگ کی وجہ سے بے حد خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔





