نیویارک: میئر زوہران کوامے ممدانی، ڈیپارٹمنٹ آف ڈیزائن اینڈ کنسٹرکشن (DDC) کے کمشنر پال اے اوچوا اور بروک لین پبلک لائبریری کی صدر لنڈا ای جانسن نے تاریخی ایسٹرن پارک وے لائبریری کی توسیع کے لیے 36 ملین ڈالر کے منصوبے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت عمارت کی تاریخی فنِ تعمیر کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے لیے جگہ میں 50 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا جائے گا۔ ڈی ڈی سی کے مطابق تعمیراتی کام گرمیاں 2028 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
کراؤن ہائٹس کی کمیونٹی کو 1914 سے خدمات فراہم کرنے والی یہ دو منزلہ تاریخی کارنیگی لائبریری اپنی منفرد محرابی کھڑکیوں اور چونا پتھر کے بیرونی حصے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
عمارت میں شیشے کا بڑا فرنٹ (Glass Façade)، نیا ایلیویٹر اور ریمپ شامل کیا جائے گا تاکہ یہ معذور افراد کے لیے مکمل قابلِ رسائی (ADA-compliant) بن سکے۔
دوبارہ ڈیزائن کی گئی لائبریری میں نوجوانوں کے لیے ‘ٹین زون’ (Teen Zone)، بچوں کے 2 زونز، ایک STEAM روم، اور کمیونٹی روم شامل ہوگا۔
لائبریری کے تاریخی فائر پلیس روم کو دوبارہ بحال کر کے کلاس روم میں تبدیل کیا جائے گا۔
تعمیراتی کام کے دوران رواں خزاں سے عارضی لائبریری قائم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی جاری رہے۔
میئر ممدانی کے مطابق یہ سرمایہ کاری لائبریری کو نہ صرف جدید اور توانائی کے لحاظ سے موثر بنائے گی بلکہ کراؤن ہائٹس کی اس صد سالہ تاریخی عمارت کی شاندار ساخت کو بھی برقرار رکھے گی۔





