کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پر بچوں کی لت اور ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات کو نمٹانے کے لیے میٹا (Meta) نے امریکی ریاستوں کے ساتھ اگلے 10 سال کے دوران 18 ارب ڈالر تک ادا کرنے کا ایک تاریخی معاہدہ کیا ہے۔
اس لوکل اور وفاقی سطح پر طے پانے والے سمجھوتے کے تحت میٹا نوجوان صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال کے قوانین میں سخت ترین تبدیلیاں کرنے کا پابند ہوگا۔
امریکی عدالت کی منظوری سے ہونے والے اس تصفیے کا مقصد بچوں کی ذہنی صحت اور آن لائن حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت میٹا کی جانب سے نوجوانوں کے لیے درج ذیل نئی پابندیاں اور حدود مقرر کی گئی ہیں:
والدین کی اجازت کے بغیر نوجوان فیس بک اور انسٹاگرام کو روزانہ صرف 2 گھنٹے استعمال کر سکیں گے۔
رات 12 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان نوجوانوں کا ایپ استعمال مکمل طور پر بلاک رہے گا۔
اسکول کے اوقات (صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے) کے دوران زیادہ تر پش نوٹیفیکیشنز (Notifications) پر پابندی ہوگی۔
کم عمر بچوں کو عمر کی حد کے لحاظ سے حساس مواد تک رسائی سے روکنے کے اقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سمجھوتے میں مجموعی طور پر $12.7 ارب کی رقم گارنٹیڈ ہے جبکہ مزید $5 ارب کی رقم اس بات پر منحصر ہے کہ آیا ٹِک ٹاک، سنیپ چیٹ اور یوٹیوب جیسے دیگر پلیٹ فارمز بھی نوجوانوں کے تحفظ کے لیے اسی نوعیت کی شرطیں قبول کرتے ہیں یا نہیں۔





