لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

ٹرمپ انتظامیہ کابڑااقدام:دنیابھرمیں امریکی امیگرنٹ ویزاپراسیسنگ عارضی طورپرمعطل

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دنیا بھر کے تمام امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں امیگرنٹ ویزا درخواستوں اور انٹرویوز کی کارروائی عارضی طور پر روک دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ قدم قونصلر افسران کی خصوصی تربیت کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ ویزا درخواست گزاروں کی جانچ پڑتال کو مزید سخت اور یکساں بنایا جا سکے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس “گلوبل ٹریننگ انیشیٹو” کا مقصد قونصلر افسران کو اس بات کی تربیت دینا ہے کہ وہ ایسے افراد کی نشاندہی کر سکیں جو مستقبل میں امریکی حکومت کے مالیاتی نظام یا عوامی سہولیات پر بوجھ (Public Charge) بن سکتے ہوں۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق جن افراد کے انٹرویوز پہلے سے طے شدہ تھے، انہیں ای میلز کے ذریعے اطلاع دی جا رہی ہے کہ ان کی اپائنٹمنٹس منسوخ کر کے آئندہ تاریخوں پر ری شیڈول کی جائیں گی۔ تاہم، حکومت نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ تعطل کب ختم ہوگا اور معمول کی کارروائی کب بحال ہوگی۔

اس معطلی کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ نے دیگر سخت اقدامات کا بھی اعلان کیا ہے

عارضی (سیاحتی یا کاروباری) ویزے پر امریکا آکر پناہ کی درخواست دینے والے افراد کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس کارروائی سے تقریباً 2 لاکھ ویزے متاثر ہو سکتے ہیں

جنوری 2025 میں صدر ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک مختلف قوانین کی خلاف ورزی اور جرائم کی بنیاد پر تقریباً 1 لاکھ 75 ہزار ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

اضافی پابندیاں: ویزا درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور ویزا کی مدت سے زائد قیام کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

امیگریشن ماہرین نے تشویش ظاہر کی ہے کہ اس اچانک معطلی سے وہ ہزاروں افراد شدید متاثر ہوں گے جو انٹرویوز کی تیاری پر بھاری رقم خرچ کر چکے تھے۔ فی الوقت تمام متاثرہ درخواست گزاروں کو امریکی محکمہ خارجہ کی آئندہ ہدایات اور نئی اپائنٹمنٹس کا انتظار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔