اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کی اطلاعات کے پیشِ نظر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی کے سخت اور غیر معمولی انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس خود شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچ گئے ہیں اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کے اندر اور اطراف کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری کو اہم پوائنٹس پر تعینات کیا جا رہا ہے۔
اسپتال کے اطراف کی تازہ ترین صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات درج ذیل ہیں:
آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ ڈی آئی جی اور چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) سمیت پولیس کی اعلیٰ قیادت بھی اسپتال میں موجود ہے۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ساتھ ملحقہ سڑکوں کو عام آمدورفت کے لیے بند کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور علاقے کی مکمل سیکیورٹی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں، جنہوں نے اسپتال کے باہر روڈ پر کھڑی کی گئی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے ہٹا کر فٹ پاتھ اور مخصوص مقامات پر منتقل کر دیا ہے تاکہ راستہ صاف رہے۔





