نیویارک (ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد (Asim Iftikhar Ahmad) نے سلامتی کونسل میں ‘لیبیا میں اقوامِ متحدہ کے سپورٹ مشن’ (UNSMIL) کی بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے لیبیا کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی یکجہتی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سفیر عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا یہ راسخ عقیدہ ہے کہ لیبیا کا مستقبل صرف اور صرف ایک جامع، لیبیا کی قیادت میں اور انہی کی ملکیت والے سیاسی عمل کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے لیبیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے درج ذیل اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی.
سفیر عاصم افتخار نے واضح کیا کہ لیبیا کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور صحیح راستے پر گامزن کرنے کی بنیادی ذمہ داری خود لیبیا کے عوام پر عائد ہوتی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیبیا میں مثبت پیش رفت کے ساتھ ساتھ مسلسل چیلنجز بھی موجود ہیں، جو اس بات کو اجاگر کرتے ہیں کہ تمام متعلقہ لیبیائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مسلسل بات چیت اور حقیقی مفاہمت کی شدید ضرورت ہے۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ لیبیا کو درپیش بیشتر مسائل ریاست اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہیں۔ ان مسائل کو صرف قومی مصالحت، اداروں کی یکجہتی اور یکجا اقدامات کے ذریعے ہی مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے





