نیویارک (ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور پاکستان قونصلیٹ جنرل نیویارک کے زیرِ اہتمام چانسری بلڈنگ میں پاکستان کے 80 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے دوران اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے قومی ترانے کی دھن میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، نائب مستقل مندوب عثمان جدون، مشن اور قونصلیٹ کے افسران، ان کے اہل خانہ اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی لازوال قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مشہور مؤرخ اسٹینلے والپرٹ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظم نے نہ صرف تاریخ بدل دی بلکہ دنیا کا نقشہ بھی بدل کر ایک الگ وطن قائم کیا۔
انہوں نے ملکی سرحدوں کے دفاع اور تحفظ میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔

عالمی سطح پر پاکستانیوں کی کامیابی: سفیر نے سائنس، کھیل اور فنکارانہ صلاحیتوں کے شعبوں میں دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانیوں بالخصوص صائمہ سلیم اور علینہ مجید کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے حالیہ کشیدگی اور ایران تنازع میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
سفیر عاصم افتخار نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے تحریکِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قائد کے اصولوں “اتحاد، ایمان اور تنظیم” پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی ریاستوں میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کی سرمایہ کاری، زرِ مبادلہ اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پاک امریکہ تعلقات کا مضبوط پل قرار دیا۔

تقریب میں صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ کارروائی کا اختتام سفیر عاصم افتخار، قونصل جنرل اور بچوں کے ساتھ مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹنے پر ہوا۔





