نیویارک: میئر زہران ممدانی نے سرکاری امور کو مزید بہتر بنانے، وسائل کے درست استعمال اور خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے مالیاتی سال 2027 اور 2028 کے لیے تمام سٹی ایجنسیوں کو 2.5 فیصد بچت (Savings) کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس ہدف کے حصول میں مدد کے لیے انتظامیہ کی جانب سے “ورک فورس سیونگز اینڈ ایفیشینسی سروے” (Workforce Savings and Efficiency Survey) کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ ایک رضاکارانہ سروے ہے جس کے ذریعے سٹی ملازمین کو یہ موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ فضلہ یا غیر ضروری اخراجات کم کرنے، کارکردگی بڑھانے اور حکومت کو مزید فعال بنانے کے لیے اپنی تجاویز دیں۔ موصول ہونے والی ہر تجویز کا جائزہ متعلقہ ایجنسی کے “چیف سیونگز آفیسر” (Chief Savings Officer) کی جانب سے لیا جائے گا۔
اس حوالےسے میئرکاکہنا ہے کہ “بجٹ کا سیزن ختم ہو سکتا ہے لیکن نیویارک کے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمارا کام کبھی ختم نہیں ہوتا۔ حکومت کو بہتر بنا کر ہم جو بھی ڈالر بچائیں گے، اسے نیویارک کے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہمارے ملازمین سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ حکومت میں کہاں بہتری لائی جا سکتی ہے، اس لیے ہم نے اس عمل کی قیادت کے لیے انہی سے مدد طلب کی ہے۔”
میئر ممدانی کے منصب سنبھالنے کے بعد سے انتظامیہ نے گورننس کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں:
عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی مہینے میں ہر ایجنسی میں چیف سیونگز آفیسر مقرر کیا گیا جن کی کوششوں سے 1.77 ارب ڈالر کی بچت کی گئی۔
کمیشن آف گورننس ایفیشینسی (COGE): مئی میں اس کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا جس نے حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 5 بیلٹ تجاویز پیش کیں۔
چھوٹے کاروباروں کے لیے ‘اوپن’ (OPEN) پیکج کے تحت 50 سے زائد ضابطہ جاتی اصلاحات، ہاؤسنگ تعمیرات میں سرخ فیتے (Red Tape) کے خاتمے کے لیے ‘اسپیڈ’ (SPEED) رپورٹ، اور ڈیجیٹل حل کے لیے ‘پبلک انٹرسٹ ٹیکنالوجی’ کا اجراء۔





