نیویارک: امریکی ریاست نیویارک اور اس کے گردونواح (ٹرائی اسٹیسٹ ریجن) میں ہوا کا معیار انتہائی مضرِ صحت سطح پر پہنچ گیا ہے، جبکہ دوسری جانب ویک اینڈ کے آغاز پر شہریوں کو جان لیوا موسمی صورتحال اور شدید طوفان کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، نیویارک کے پانچوں بوروز (Boroughs)، ویسٹ چیسٹر اور لانگ آئی لینڈ میں سنیچر کی صبح ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 200 کے خطرناک ہندسے کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا کے معیار کی یہ سطح ظاہر کرتی ہے کہ فضائی آلودگی اور دھوئیں کے باعث نہ صرف بیمار بلکہ مکمل طور پر صحت مند افراد بھی سانس کی بیماریوں اور دیگر صحت کے مسائل سے متاثر ہو سکتے ہیں
نیشنل ویدر سروس (NWS) نے فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے لیے شدید ترین طوفان، تباہ کن ہواؤں، موسلا دھار بارش اور ممکنہ طور پر ‘آئسولیٹڈ ٹورنیڈوز (محدود پیمانے کے گردباد/ٹورنیڈو) کا ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیویارک اور نیو جرسی کے بیشتر علاقوں، بشمول پانچوں بوروز اور ویسٹ چیسٹر کے لیے اچانک سیلاب (Flash-Flood) کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے وقت اس خطے میں 1 سے 1.5 انچ تک بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر 2 سے 4 انچ تک انتہائی تیز مینہ برس سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 60 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تباہ کن ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی نیو جرسی اور نیویارک کے پانچوں بوروز میں ٹورنیڈو کا خطرہ بھی موجود ہے۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ شدید طوفان کے باعث درختوں کے گرنے، بجلی کی تاریں ٹوٹنے، بجلی کی فراہمی منقطع ہونے اور بیسمنٹس (تہہ خانوں) میں پانی بھر جانے جیسی ہنگامی صورتحال کے لیے پہلے سے تیاری کر لیں۔ لوئر ہڈسن ویلی، نیویارک سٹی اور شمال مشرقی نیو جرسی کے رہائشیوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی صبح 11:00 بجے سے ہی طوفان نیویارک سٹی اور نیو جرسی میں داخل ہونا شروع ہو جائے گا۔ اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں نیویارک سٹی کا میٹرپولیٹن علاقہ، جنوبی ویسٹ چیسٹر، لوئر ہڈسن ویلی اور شمال مشرقی نیو جرسی شامل ہیں۔





