کالج اسٹیشن (ٹیکساس): فٹ بال ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کھیلے گئے وارم اپ میچ میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹائن نے ہونڈوراس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2-0 سے شکست دے دی۔ ٹیکساس کے شہر کالج اسٹیشن میں کھیلے گئے اس میچ میں ارجنٹائن کی ٹیم شروع سے ہی چھائی رہی۔
ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی اس میچ میں ہیمسٹرنگ (hamstring) انجری کے باعث میدان میں نہیں اترے اور مینیجر لیونل اسکالونی نے ورلڈ کپ کے اہم میچوں سے قبل انہیں مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا۔
میچ کا پہلا ہاف سست روی کا شکار رہا لیکن 37ویں منٹ میں اس وقت سنسنی پھیلی جب ہونڈوراس کے کرسٹوفر میلینڈیز نے پنالٹی ایریا میں نکولس ٹیگلیافیکو کو فاؤل کیا۔ انٹر میلان کے فارورڈ لاؤتارو مارٹنیز نے پنالٹی کک پر شاندار گول اسکور کرتے ہوئے ارجنٹائن کو 1-0 کی برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ارجنٹائن نے اپنی برتری کو دگنا کر دیا۔ 54ویں منٹ میں لاؤتارو مارٹنیز کے ایک بہترین اور ذہین بیک ہیل پاس کی مدد سے اٹلیٹیکو میڈرڈ کے جیولیانو سیمونی نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور 2-0 کر دیا۔
میچ کے دوران جیووانی لو سیلسو کی ایک بہترین کرلنگ شاٹ گول پوسٹ کے اوپری بار سے ٹکرا گئی، جبکہ ٹوماس ارانڈا کی ایک پُرزور کوشش کو ہونڈوراس کے گول کیپر نے شاندار طریقے سے روک دیا۔ دوسرے ہاف میں ہونڈوراس کی ٹیم ارجنٹائن کے سخت دفاع کے سامنے بے بس نظر آئی اور ہاف لائن بھی بمشکل ہی عبور کر سکی۔
تین بار کی عالمی چیمپیئن ارجنٹائن کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 17 جون کو کینساس سٹی میں الجزائر کے خلاف میچ سے کرے گی۔ اس سے قبل وہ منگل کو اوبرن، الاباما میں آئس لینڈ کے خلاف اپنا آخری فرینڈلی میچ کھیلے گی۔ کوچ لیونل اسکالونی نے اشارہ دیا ہے کہ لیونل میسی آئس لینڈ کے خلاف میچ میں کچھ وقت کے لیے ایکشن میں نظر آسکتے ہیں۔
