Mayor Mamdani Announces Major Expansion of Public School Learning Initiatives

نیویارک کے اسکولوں کے لیے 17.3 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری؛ تعلیمی پروگرامز میں بڑی توسیع

Editor News

نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور اسکولز چانسلر قمر سیموئلز نے پبلک اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے لیے پڑھنے اور ریاضی کی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ ممدانی انتظامیہ کی جانب سے 17.3 ملین ڈالرز (1 کروڑ 73 لاکھ ڈالرز) کی خطیر رقم کی سرمایہ کاری کے ساتھ شہر کے مشہور تعلیمی پروگراموں “NYC Solves” اور “NYC Reads” کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس اہم توسیعی منصوبے کا باقاعدہ اعلان پی ایس/ایم ایس 194 (PS/MS 194) میں منعقدہ ریاضی کے ایک مقابلے کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ شہر کا ہر بچہ خود اعتمادی کے ساتھ پڑھنا سیکھے اور ریاضی کی بہترین مہارتوں کے ساتھ گریجویٹ ہو۔

میئر اور چانسلر کا عزم:
اس موقع پر میئر زہران ممدانی کا کہنا تھا:”دنیا کے امیر ترین ملک کے سب سے امیر ترین شہر میں یہ بات بالکل ناقابلِ قبول ہے کہ ہمارے طلبہ تعلیم میں پیچھے رہ جائیں۔ ہماری انتظامیہ اساتذہ کی مضبوط سپورٹ اور ایک ایسے پبلک اسکول سسٹم پر سرمایہ کاری کر رہی ہے جو کسی کو پیچھے نہیں چھوڑتا۔ یہ توسیع ہر محلے کے ہر طالب علم کو کامیاب بنائے گی۔”

اسکولز چانسلر قمر ایچ سیموئلز نے کہا کہ انہوں نے بطور سپرنٹنڈنٹ ان پروگراموں کے مثبت اثرات خود دیکھے ہیں اور اب وہ بطور چانسلر ان کی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو وہ تمام وسائل اور ٹریننگ دی جائے گی جس سے طلبہ تعلیمی میدان میں آگے بڑھ سکیں۔

پروگرامز کی تفصیلات اور نئے اضلاع (Districts):
NYC Solves (ریاضی کا پروگرام): تاریخ میں پہلی بار اس پروگرام کو پرائمری اسکولوں (گریڈ K-5) تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ بچپن ہی سے بچوں میں ریاضی کا مضبوط تصور قائم کیا جا سکے۔

ابتدائی اسکولوں کے لیے مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ 5، برونکس کے ڈسٹرکٹ 11 اور 12، اور کوئینز کے ڈسٹرکٹ 25 کو شامل کیا گیا ہے، جہاں یکساں نصاب نافذ ہوگا۔ اس کے علاوہ مڈل اسکولوں کے لیے مین ہٹن (ڈسٹرکٹ 3)، برونکس (ڈسٹرکٹ 9)، بروک لین (ڈسٹرکٹ 16، 21، 22، 23) اور کوئینز (ڈسٹرکٹ 24، 27، 28، 30) تک اسے توسیع دی جا رہی ہے۔

NYC Reads (پڑھنے کا پروگرام): اس پروگرام کو مڈل اسکولوں تک پھیلا دیا گیا ہے جس میں مین ہٹن (ڈسٹرکٹ 2، 4)، برونکس (ڈسٹرکٹ 8، 10)، بروک لین (ڈسٹرکٹ 14، 18، 20، 32)، کوئینز (ڈسٹرکٹ 26، 29) اور سٹی وائیڈ ڈسٹرکٹ 75 شامل ہیں۔ ستمبر سے ان اضلاع میں طلبہ کی انفرادی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ‘ملٹی ٹیرڈ سسٹم آف سپورٹس’ (MTSS) کا فریم ورک بھی نافذ کیا جائے گا۔

سٹی کونسل کے اراکین اور تعلیمی کمیٹی کے چیئرز ایرک ڈنووٹز اور ریٹا جوزف سمیت کونسل ممبران گیل بریور، امانڈا فاریاس، شیکھر کرشنن، مرسڈیز نارکس اور لن شلمین نے ممدانی انتظامیہ کے اس اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے اور اسے نیویارک کے بچوں کے مستقبل کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *